یو این آئی
ال پوروینیئ// براعظم شمالی امریکہ کے ملک ہنڈوراس کی ایک اور جیل میں خونیں تصادم کے نتیجے میں 18 قیدی مارے گئے ۔ بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہنڈوراس کی ایک اور جیل میں دوپہر کے کھانے کے دوران معمولی تلخی نے خونیں تصادم کی شکل اختیار کرلی، چاقو، ڈنڈوں اور برتنوں کے آزادانہ استعمال کے باعث 18 قیدی مارے گئے جبکہ متعدد زخمی بتائے جارہے ہیں۔ قیدیوں نے جیل کے ایک حصے میں آگ بھی لگا دی۔ہنڈوراس کے علاقے ال پوروینیئر کی اس جیل میں خطرناک گینگ کیلئے کام کرنے والے مجرموں کو رکھا جاتا ہے اور یہاں سخت حفاظتی اقدامات اختیار کئے جاتے ہیں اس کے باوجود خونی تصادم ہوگیا جس پر قابو پانے کے لیے فوج کو طلب کرنا پڑا ہے ۔دو روز قبل ہنڈوراس کے ہی ایک اور شہر ٹیلا میں واقع ایک جیل میں بھی خطرناک قیدیوں کے درمیان جھگڑے میں 18 قیدی ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے تھے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ محض تین روز کے دوران دو جیلوں میں ہونے والے خونی تصادم میں 36 قیدیوں کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کے واقعات میں کوئی تعلق نہیں ہے ۔