لازوال ڈیسک
جموں؍؍محکمہ اعلیٰ تعلیم کے سیکرٹری طلعت پرویز نے آج اعلیٰ تعلیم اور تعمیراتِ عامہ محکموں کے اعلیٰ اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ خزانہ کی طرف سے منظور شدہ اِلتوأ میں پڑے پروجیکٹوں پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔چیف انجینئر محکمہ تعمیراتِ عامہ کشمیر سمیع عارف یسری، اعلیٰ تعلیم کے فائنانشل ایڈوائزر او رچیف اکائونٹس آفیسر مانو گپتا ، ایس ای تعمیراتِ عامہ جموں ، مختلف ڈگری کالجوں کے پرنسپل صاحبان و متعلقہ محکموں کے اَفسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔سیکرٹری موصوف نے 31پروجیکٹوں پر 151.75کروڑ روپے کی لاگت سے جاری کام کا جائزہ لیا ۔ اِن پروجیکٹوں میں 15جموں یونیورسٹی جبکہ 16پروجیکٹ مختلف ڈگری کالجوں کے شامل ہیں ۔ اِن پروجیکٹوں کو محکمہ خزانہ کی چھٹی ایچ پی سی میٹنگ میں منظور ی دی گئی تھی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ بوائز / گرلز ہوسٹل کٹھوعہ کیمپس کے اکیڈیمک بلاک ، رام نگر ڈگری کالج ، بھدرواہ ، اُودھمپور او ریاسی کے بوائز و گرلز ہوسٹل کے علاوہ ریاسی اور اُودھمپور ڈگری کالجوں کے اکیڈیمک بلاکوں کی تعمیراتی کام مارچ 2020ء تک مکمل ہونے کی توقع ہے ۔سیکرٹری موصوف کو جموں وکشمیر یونین ٹریٹری کے کنگن ، ترال ، بشناہ،پٹن ، سوپور ، ماگام ، پلوڑہ ، اکھنور و دیگر ڈگری کالجوں پر جاری کام کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ طلعت پرویز نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ اِن ڈگری کالجوںاور دیگر متعلقہ پروجیکٹوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے کام میں سرعت لائیں۔