بوجومبورا؍؍مشرقی افریقی ملک برونڈی کے تجارتی دارالحکومت بوجومبورا میں سیلاب کی وجہ سے کم از کم 12افراد کی موت ہوگئی جبکہ 30سے زیادہ دیگر زخمی ہوگئے ۔ برونڈی کے پبلک سکیورٹی اور قدرتی آفات کے محکمے کے سینئر افسر ایلن گولیم بنیونی نے اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ مسٹر بنیونی کے مطابق سیلاب کی وجہ سے کئی گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ملک کے تجارتی دارالحکومت کے ونٹریکوا علاقے میں ہفتے کی رات سے ہی مسلسل شدید بارش ہورہی ہے ۔ مسلسل بارش کی وجہ سے ندیوں کی آبی سطح بڑھی گئی ہے اور اس کا پانی گاؤں میں گھس گیا ہے ۔اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق اس سال دسمبر میں مشرقی افریقہ میں سیلاب کی وجہ سے کم از کم 280لوگوں کی موت ہوچکی ہے اور 28لاکھ سے زیادہ لوگ اس کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔