بوگوتا، 21 دسمبر (یو این آئی ) ٹینس آئکن راجر فیڈرر گزشتہ ماہ منسوخ ہوئے بوگوتا نمائشی میچ کے بعد مارچ میں دوبارہ کولمبیا کا رخ کریں گے اور جرمن کھلاڑی الیکساندر زیویریف کے خلاف اپنا میچ کھیل کر شائقین سے کیا ہوا وعدہ نبھائیں گے ۔گذشتہ ماہ پرتشدد واقعات اور مظاہروں کو دیکھتے ہوئے شہر کے میئر نے فیڈرر اور زیویریف کے درمیان نمائشی میچ کو شروع ہونے سے چند منٹ پہلے منسوخ کر دیا تھا جس سے سوئس ماسٹر کافی پریشان ہو گئے تھے ۔منتظمین نے بتایا کہ کولمبیا کے دارالحکومت بوگوتا میں 24 مارچ کو مووي اسٹار ایرینا میں فیڈرر اور زیویریف کے درمیان میچ منعقد کیا جائے گا۔ فیڈرر کے ایجنٹ ٹونی گڈسک نے کہاکہ اس بات میں کوئی شک ہی نہیں تھا کہ راجر بوگوتا میں واپسی کریں گے ، لیکن یہ طے نہیں تھا کہ وہ کب واپس آ ئیں گے ۔ ہم نے کافی غور کے بعد یہ فیصلہ لیا ہے ۔ راجر اور زیویریف بوگوتا میں اپنے شائقین سے بہت محبت کرتے ہیں۔اس میچ کو پہلے مووي اسٹار ایرینا میں 22 نومبر کو منعقد کیا جانا تھا، لیکن آغاز سے چند منٹ پہلے ہی اسے منسوخ کر دیا گیا تھا۔ اس سے پہلے میئر اینرق پینالوسا نے مظاہروں کے پیش نظر کرفیو لگا دیا تھا۔20 بار کے گرینڈ سلیم چمپئن فیڈرر سال 2012 میں فرانس کے جو ولفریڈ سونگا کے خلاف بوگوتا میں نمائشی میچ کھیلنے اترے تھے ۔ اس کے بعد سے انہوں نے بوگوتا میں کبھی نہیں کھیلا ہے ۔یو این آئی