جموں میں تمام رجسٹراروں /سب رجسٹراروں کیلئے ایک روزہ اُورنٹیشن پروگرام کا اِنعقاد
جوڈیشل افسروں کے تجربات سے سیکھ حاصل کرنے کی ضرورت ،عام لوگوں کوراحت دیں :پون کوتوال
لازوال ڈیسک
جموں؍؍زمین جائیدادکی رجسٹریشن وکلاء سے لیکر رجسٹراروںوسب رجسٹراروں کے ذریعے محکمہ مال کودینے کیخلاف وکلاء کی طویل ہڑال ختم ہونے کے بعد اب رجسٹراروں وسب رجسٹراروں کوکام کاج سنبھالنے کے اہل بنایاجارہاہے،اس سلسلے کی ایک کڑی کے طورپر جموںوکشمیر سٹیٹ جوڈیشل اکیڈیمی کی طرف سے آج جوڈیشل اکیڈیمی کمپلیکس جانی پورہ جموںمیں جموں صوبہ کے تمام رجسٹراروں اور سب رجسٹراروں کے لئے رجسٹریشن کے طور طریقوں اور عمل کے موضوع پر ایک روزہ اورنٹیشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں ، اسسٹنٹ کمشنر ریوینو اور مختلف ضلعوں کے سب ڈویژن مجسٹریٹوں جنہیں رجسٹرنگ افسروں کے اختیارات دئیے گئے ہیں نے اس تربیتی پروگرام میں شرکت کی۔فائنانشل کمشنر مال پون کوتوال جن کے پاس آئی جی رجسٹریشن کے اختیارات ہیں نے اپنی نوعیت کے اس پہلے تربیتی پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس موقعہ پر انہوں نے سرکار کی اُن افسروں کو تربیت دینے کی اہمیت کو اُجاگر کیا جنہیں رجسٹریشن ایکٹ کے مختلف مدوں کے تحت رجسٹراروں اور سب رجسٹراروں کے اختیار ات دئیے گئے ہیں ۔انہوں نے اُن جوڈیشل افسروں کے تجربات سے سیکھ حاصل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جو پہلے رجسٹریشن کے کام کے ساتھ منسلک تھے۔انہوں نے کہا کہ حکومت محکمہ رجسٹریشن میں علاحدہ سے بنیادی ڈھانچہ اور افرادی قوت وجود میں لانے کے عمل سے گزر رہی ہے اور اس پورے عمل میں تیزی لائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ رجسٹرنگ افسروں کو مختلف پہلوئوں کے بارے میں روشناس کرایا جاسکے تاکہ دستاویزات کی رجسٹریشن کا کام بلا خلل جاری رہے ۔انہوں نے رجسٹرنگ افسروں پر زور دیا کہ وہ دستاویزات کی رجسٹریشن میں عام لوگوں کی راحت رسانی کریں۔ انہوں نے ریوینو ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے عمل کا بھی خاکہ پیش کیا۔سپیشل جج انٹی کورپشن جموں راجیش سیکھری اور پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج کٹھوعہ پون دیو کوتوال اس موقعہ پر ریسورس پرسنز کی حیثیت سے موجود تھے۔ڈائریکٹر جے اینڈ کے جوڈیشل اکیڈیمی راجیو گپتا نے اپنے کلیدی خطبے میں رجسٹریشن کے عمل کے تاریخی پہلوئوں ُپر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن کے عمل میں جدیدیت سے ہمکنار کرنے کی ضرورت ہے۔ریسورس پرسن نے ا س موقعہ پر رجسٹریشن ایکٹ اور دیگر معاملات کی خصوصیات کو اُجاگر کرتے ہوئے رجسٹرنگ افسروں کو دستاویزات درج کرنے کے مختلف امور کے بارے میں جانکاری دی ۔ اس موقعہ پر رجسٹرنگ افسروں کے لئے وضع کئے گے رہنما خطوط پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اِس موقعہ پر بتایاگیا کہ تمام رجسٹرنگ اَفسروں کو ایک متوازن لائحہ عمل اِختیار کرنا چاہیئے تاکہ جوڈیشل اَفسروں کے ان اِختیارات کی رجسٹرنگ افسروں تک تفویض میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہوسکے۔اس دوران اسٹامپ ڈیوٹی ، رجسٹریشن فیس اور اس ادائیگی سے مستثنیٰ معاملات پر بھی سیر حاصل تبادلہ خیال کیا گیا۔اِستفساراتی اِجلاسوں کے دوران رجسٹرنگ اَفسروں نے مختلف معاملات کے تعلق سے اپنے شُبہات کو دورکیا۔