جے کے ہیلتھ محکمہ نے ٹیکہ کاری پروگرام میں سنگ میل عبور کیا
بیماریوں پر قابو پانے اور شرح اموات میں کمی لانے میں کافی مدد ملی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ڈائریکٹوریٹ آف فیملی ویلفیئر ، ایم سی ایچ اینڈ ایمونزیشن محکمہ یوٹی آف جموں وکشمیر نے ٹیکہ کاری کے مختلف پروگراموں کی کامیاب عمل آوری کو یقینی بنا کر ایک سنگ میل حاصل کیا۔اِن پروگراموں کی بدولت بیماریوں پر قابو پانے اور شرح اموات میں کمی لانے میں کافی مدد ملی ہے۔جموںوکشمیر یوٹی کے صحت محکمہ کی انتھک کوششوں کی وجہ سے پورے ملک میں جموں وکشمیر کو ٹیکہ کاری کوریج میں تیسرا مقام حاصل ہوا ۔ پہلے دو مقام کریلا اور تامل ناڈو کے پاس ہے ۔سال 2019-20 کے دوران خاندانی بہبود ، ایم سی ایچ اور ایمونزیشن محکمہ نے ایک برس تک کی عمر کے 217984 بچوں کو ویکسین پلائے جبکہ اس مقصد کے لئے 227474بچوں کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا۔رہ گئے بچوں کو مربوط مشن اندرا دھنش کے دائرے میں لایا جائے گا اور اس مقصد کے لئے بارہمولہ اور کپواڑہ ضلعوں کا انتخاب کیا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے سے مرکزی حکومت دو برس تک کے ہر ایک بچے اور اُن تمام حاملہ خواتین تک پہنچنے کا منصوبہ بنایا ہے جو معمول کے ٹیکہ کاری پروگرام کے دائرے سے باہر رہ گئے ہیں۔سال 2018-19ء میں ڈائریکٹوریٹ نے میزلز کے خلاف کامیابی سے ایک ٹیکہ کاری مہم چلائی جس کی بدولت سی آر ایس جیسی بیماری پر قابو پایا گیا۔میزلز ۔ روبیلا ٹیکہ کاری مہم کے دوران 9ماہ سے 15برس تک کی عمر کے 38لاکھ بچوں کو صرف اڑھائی مہینے میں ٹیکے پلوائے گئے اور یوں صدفیصد اہداف کو حاصل کیا گیا۔مشن اِندرادھنش ، گرام سوراج مشن اِندرا دھنش اور مشن اِندرا دھنش برائے ضلع بارہمولہ اور کپواڑہ میں بھی صد فیصد کامیابی کے ساتھ عملائے گئے ۔سال 2018-19ء میں پورے جموںوکشمیر میں ٹی ڈی، یو آئی پی شیڈول کے تحت متعارف کیا گیا۔اس کے علاوہ خاندانی بہبود محکمہ نے پوری جموںوکشمیر یوٹی میں روٹا وائرس ویکسین بھی متعارف کیا جسے اسہال جیسی بیماریوں سے ہونے والی اموات کو چالیس فیصد تک کم کیا جارہا ہے۔روٹا وائرس پروگرام کے دائرے میں ہر برس 2 لاکھ 20 ہزار بچوں کو لایا جائے گا۔ ایک نئے اقدام کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف فیملی ویلفیئر صحت محکمہ کے لگ بھگ 40ہزار سرکاری ملازمین کو مفت ہیپٹائیٹس بی ویکسین دیں گے۔صحت محکمہ نے اقوام متحدہ ڈیولپمنٹ پروگرام انڈیا ( یو این ڈی پی ) کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت جموں وکشمیر یوٹی میں ای۔ وِن نامی سافٹ ویئر متعارف کیا جائے گا۔ الیکٹرانک ویکسین انٹلی جنس نیٹ ورک ایک ایسا ٹیکنالوجیکل اقدام ہے جس کا مقصد ٹیکہ کاری کے چین نظام کو مزید مستحکم بنانا ہے۔