لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍ جموں و کشمیر بینک کی جانب سے حال ہی میں فوت ہوئے دو بینک ملازمین کے لواحقین کو انشورنس دعوے کی چیکس پیش کی گئیں اور اسکے علاوہ فوت ہوئے ایک گاہک کی بیوہ کو بھی بجاج ایلائنز انشورنس کی ایک چیک پیش کی گئی۔ فوت ہوئے دو ملازمین فیاض احمد بٹ (سینئر ایکزیکٹیو ) اور شکیل احمد پنڈت( بینکنگ اٹنڈنٹ) کے لواحقین کو بالترتیب بیس لاکھ اور دس لاکھ روپے کی چیکس بینک کے زونل ہیڈ کشمیر سینٹرل سید رئیس مقبول نے پیش کیں جبکہ بینک کے زونل ہیڈ جموں وبھاکر کھجوریہ نے فوت ہوئے ایک کسٹمر ارشاد احمد کی بیوہ کو پندرہ لاکھ روپے کی انشورنس چیک پیش کی۔ ارشاد احمد جو جے کے بینک کے ایک معزز گاہک تھے ایک کار حادثے میں فوت ہوئے تھے۔ زونل ہیڈ کشمیر نے اپنے مرحوم ملازمین کے لواحقین کو چیکس پیش کرتے ہوئے کہا کہ جے اینڈ کے بینک سماج کا ایک ایسا ذمہ دار ادارہ ہے جو اپنے تعلق داروں کیلئے نہایت فکر مند رہتا ہے جن میں ہمارا اپنا سٹاف بھی شامل ہے۔ اپنی ذمہ داریوں کا احساس لئے بینک اپنے سارے ملازمین کو اُسی دن سے ٹرم لائف اور حادثاتی بیمہ کے دائرے میں لاتا ہے جس دن وہ جے کے بینک فیملی میں آتے ہیں۔ زونل ہیڈ جموں نے فوت ہوئے ایک گاہک کو ایکسیڈنٹل انشورنس کی چیک پیش کرتے ہوئے کہا کہ بینک کسی جانی نقصان کی کبھی بھر پائی نہیں کر سکتا ہے تاہم ہمارے انشورنس سے لواحقین کی مالی ضرورتوں کی بھر پائی ضرور ہو سکتی ہے۔