چھاترو کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا

0
0

سنگھ پورہ۔وائیلوٹنل پرکام اپریل2020تک شروع ہوگا
موسمی تباہ کاریوں سے نظام دریم برہم،وادی چناب میں ترجیحی بنیادوں پر سہولیات واشیائے ضروریہ کی بحالی ہو:سروڑی
لازوال ڈیسک
چھاترو؍؍؍؍جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی ، نائب صدر جی ایم سروڑی نے وادی کشمیر کی طرز پر ان کاشتکاروں کے لئے فوری امداد کا مطالبہ کیا جنہیںوادی چناب میں غیر یقینی طور پر موسی تباہی کی وجہ سے بڑے پیمانے پر نقصان اٹھانا پڑا ہے اور بلا تاخیرخطے میں اشیائے ضروریہ کی بحالی کامطالبہ کیاہے۔سابق وزیر موصوف نے سب ڈویژن چھاترو کے مختلف علاقہ جات کا تفصیلی دورہ کیا جس میں سنگھ پورہ ، سنگھ پورہ ٹنل پوائنٹ ، ووہل ، چھاترو ، مغل میدان ، کوریا شامل ہیں اور انتظامیہ کو متاثرہ افراد کو امداد فراہم کرنے کے لئے متحرک رہنے کا مطالبہ کیا۔ جی ایم سروڑی نے مزید کہا کہ وادی چناب میں غیر یقینی طور پر برف باری نے زندگی کو پٹڑی سے اُتاردیا ہے ، بجلی اور پانی جیسی ضروری فراہمی شدید متاثر ہوئی ہے اور اس خطے میں ہزاروں بستیوں کو جوڑنے والی سڑکیں مکمل طور پر بند ہوگئی ہیں۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ جلد سے جلد ضروری سامان کی بحالی یقینی بنائے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ خاص طور پر دور دراز کے علاقوں کے عوام کو اشیائے ضروریہ کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے سڑکوں سے فوری طور پر برف صاف کرنے کا مطالبہ کیا خاص طور پر ان علاقوں کو جو مختلف علاقوں کو اسپتالوں اور اہم شہروں سے جوڑتے ہیں۔مسٹر سروڑی نے باغیچوں کو موجودہ برفباری کی وجہ سے ہونے والے بڑے پیمانے پر نقصانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ، انہوں نے کہا کہ چناب وادی باغبانی کی صنعت برسوں سے فطرت کی روش کا شکار ہے اور موجودہ حکومت فوری طور متاثرہ کاشتکاروں کو وادی کشمیر کی طرز پر کسی تاخیر کے بغیر امداد کی فراہمی کی پابند ہے اوراِسے اپنی ذمہ داری نبھانی چاہئے۔سابق وزیر نے اس علاقے میں اپنے دورے کے دوران عام لوگوں کو بھی آگاہ کیا کہ ممتاز سنگپورہ-وائیلو ٹنل کا ڈی پی آر این ایچ ڈی سی ایل کے اعلیٰ حکام کو پیش کیا گیا ہے اور انہوں نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ سنگھ پورہ-وائیلو سرنگ پر اپریل 2020 میں کام کاآغازہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سنگھ پورہ-وائیلو سرنگ کی تعمیر کے ساتھ ہی کشتواڑ اور سری نگر کے درمیان فاصلہ 56کلومیٹر سے زیادہ کم ہوجائے گا۔اس دورے کے دوران ، مختلف نمائندوں نے سابق وزیر سے ملاقات کی اور انہیں اپنے علاقوں سے متعلق امور اور مسائل سے آگاہ کیا۔ مسٹر سروڑی نے تمام وفود کوبغور اورتحمل سے سنااور انہیں یقین دلایا کہ ان کے حقیقی مطالبات اور معاملات کو ترجیحی حل کرنے کے لئے انتظامیہ کے ساتھ اٹھائیں گے۔ انہوں نے عام لوگوں کو یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ وہ عوام کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔اس موقع پران کے ہمراہ غلام قادر شیخ ، غلام قادر ، اختر حسین بٹ ، علی محمد نائک ، بدیالال شرما ، چوہدری جیلانی ، عطا محمد ، بشیر احمد ، فاروق احمد ، بشیر احمد ، اختر حسین ، محمد شفیع ، سجاد احمد ، ظفر حسین ، محمد رمضان ، نجیب احمد ، غلام محمد نائک ، غلام نبی ، فاروق احمد ، غلام حسین ، محمد رفیق اور دیگر ان بھی تھے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا