لازوال ڈیسک
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے جموں وکشمیر میں صوفی کلچر کو فروغ دینے پر زور دیا ہے جس کے لئے یہ خطہ جانا جاتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے یہ بات آج یہاں ایک میٹنگ کے دوران کہی جو کلچر ڈیپارٹمنٹ کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے طلب کی گئی تھی۔صوفی اِزم کو فروغ دینے کے تعلق سے اُنہوں نے موجودہ زیارت گاہوں کا تفصیلی سنس کرنے اور اِن زیارت گاہوں پر منائے جانے والے عرس کے بارے میں تفصیلی رِپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی۔چیف سیکرٹری بی وی آرسبھرامنیم ، سیکرٹری کلچر زبیر احمد ، ڈائریکٹر آرکائیوز منیر الاسلام او ردیگر افسران میٹنگ میں موجود تھے۔لیفٹیننٹ گورنر کو جانکاری دی گئی کہ جموں وکشمیر میں اِس وقت 129 پبلک لائبریریاں، 53محفوظ یاد گاریں اور 8ہیرٹیج مقامات موجو دہیں۔اُنہیں مزید بتایا گیا کہ 600 مخطوطات ، 500 نایاب تصاویر اور 300 نوادرات کو محفوظ کیا گیا ہے۔تاریخی ریکارڈس اور دیگر دستاویزات کو تحفظ فراہم کرنے کے کام کا جائزہ لینے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر کو بتایا گیا کہ جموں و کشمیر میں دستاویزات کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل جاری ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقین کو اس کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ اِس سلسلے میں حوصلہ افزا نتائج برآمد کئے جاسکیں۔