کرناٹک نے غداروںکوبڑی سزا دی،اب جھاڑکھنڈکی باری ہے:مودی
یواین آئی
ہزاری باغ؍؍وزیراعظم نریندر مودی نے کرناٹک اسمبلی ضمنی انتخاب کے نتائج پر کانگریس پر نشانہ لگاتے ہوئے آج کہاکہ اس کی نہ صرف چور دروازے سے مینڈیٹ چرانے کی پرانی عادت ہے بلکہ وہ اپنے ساتھیوں کو کٹھ پتلی کی طرح استعمال بھی کر تی ہے اب عوام اسے سبق سکھا رہی ہے ۔بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے لیڈر مسٹر مودی نے برہی کے رسوئی دھمنا میدان میں منعقدہ انتخابی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کرناٹک نے غداروںکوبڑی سزا دی ہے ۔ چور دروازے سے مینڈیٹ چرانے والوں کو سبق سکھا یا ہے ۔ کانگریس اپنے ساتھیوں کا کٹھ پتلی کی طرح استعمال کرتی ہے ۔ وہ بد عنوانی کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے ۔مسٹر مودی نے جھارکھنڈ کے لوگوں کو کرناٹک سے سبق لینے کی نصیحت کرتے ہوئے کہاکہ جھارکھنڈ کی عوام اپنے مستقبل کے لئے کرناٹک کے نتائج کو یاد رکھتے ہوئے اٹھاپٹک کی سیاست کرنے والی کانگریس اور اس کے حلیفوں کے امیدوار وں کو ہرایا ۔ انہوںنے کہاکہ کرناٹک کی عوام نے کانگریس کو سبق سکھا دیا ہے اور اب جھارکھنڈ کی باری ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ کرناٹک ضمنی انتخاب میں بی جے پی نے زیادہ تر سیٹیں جیت لی ہیںاور کئی پر آگے چل رہی ہیں۔ سیاسی استحکام اور ترقی کے مقصد سے ووٹ کرنے کیلئے میں ریاست کی عوام کو مبارک باد دیتا ہوں۔ کچھ لوگ کہتے تھے کہ جنوبی بھارت میں بی جے پی کا اثر محدود ہے ، کرناٹک کے لوگوں نے ضمنی انتخاب میں جمہوری طریقے سے انہیں (کانگریس ) کو ہراکر سزا دی ہے ۔ لوگوںمیں مینڈیٹ چرانے والوں کے خلاف کافی غصہ ہے اس لئے اس بار ویسی کئی سیٹیں بی جے پی کے کھاتے میں گئی ہیں جس پر گذشتہ ستر سالوں سے کسی اور جماعت کا قبضہ تھا ۔مسٹر مودی نے کہاکہ کرناٹک کی عوام نے بی جے پی کو مینڈیٹ دیا تھا لیکن کانگریس اوراس کی حلیف مینڈیٹ چراکر حکومت بنانے میں کامیاب رہے تھے ۔ ان لوگوں نے حکومت تو بنائی لیکن اپنے ۔ اپنے مفاد کی خاطر پورے ایک سال تک لڑتے رہے ۔ اس دوران عوامی فلا ح ان کا ایجنڈا نہیں رہا ۔وزیراعظم نے کہاکہ کانگریس نے جنتا دل سیکولر کے ایچ ڈی کمار سوامی کو اکثریت کا دھونس جماکر کٹھ پتلی کی طرح نچایا ۔ جس کا نتیجہ ہوا کہ انہیں عوام کے مابین رونا پڑا۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح اغوا کنندہ مغوی کے ساتھ سلوک کرتے ہیں ویسے ہی کانگریس نے مسٹر کمار سوامی کے ساتھ کیا۔غورطلب ہے کہ کرناٹک ضمنی انتخاب میں حزب اقتدار بی جے پی نے چھ سیٹیں جیت لی ہیں اور چھ دیگر پر آگے ہے ۔ اسمبلی میں اسے اکثریت حاصل ہوگئی ہے ۔مسٹر مودی نے کہاکہ کانگریس اور اس کے ساتھیوں کی اندے کھی اور غلط پالیسیوں نے جھارکھنڈ کو نکسل ازم کی طرف دھکیل دیا لیکن بی جے پی حکومت کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے یہ ریاست آج امن اور ترقی کی جانب گامزن ہے ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس اور اس کے ساتھیوں نے مل کر ملک کے کروڑوں غریبوں کو دھو کہ دیا جبکہ بی جے پی انہیں غریبوں کی خدمت کیلئے دن رات کام کر رہی ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ کانگریس اور اس کے کٹھ پتلی حلیفوںکو جھارکھنڈ کی ترقی سے کوئی لینا دینا نہیں۔ انہوں نے کہاکہ قدرتی وسائل سے مالا مال ریاست جھارکھنڈ کو ان سیاسی جماعتوں نے کبھی اوپر نہیں اٹھنے دیا ۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت نے جھارکھنڈ کی ترقی کیلئے ایک ایماندارانہ کوشش کی ہے ۔مسٹر مودی نے کہاکہ بی جے پی حکومت کی سنجیدہ کوشش کی بدولت ہی جھارکھنڈ میں ریلوے نیٹ ورک کافی مضبوط ہوا ہے ۔ بی جے پی کی حکومتوںنے ترقی کے متعدد کام کئے ہیں جو سابقہ حکومتیں بھی کر سکتی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر ترقیاتی کام پہلے ہوئے ہوتے تو آج یہاں صنعت اور روزگار کیلئے کہیں بہتر ماحول ملتا۔ لیکن کانگریس ، راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ ( جے ایم ایم ) جیسی جماعتوں کی نیت میں کھوٹ تھا اس لئے ان کے دور میں پالیسیاں بھی کھوٹی ہی بنائی گئیں۔وزیراعظم نے کہاکہ [؟] آج اتنا عظیم عوامی ہجوم جھارکھنڈ کی عوام کے مزاج کو واضح طور سے ظاہر کررہا ہے ۔ یہاں کے لوگوں کے دل میں ترقی کے تئیں کتنا یقین ہے آج میں اس عظیم ریلی میں دیکھ رہا ہوں۔ میں جھارکھنڈ میں جہاں بھی جارہا ہوں وہاں کی ریلی پرانی سبھی ریلیوں کے ریکارڈ توڑ رہی ہے ۔