’10دسمبر کو ہیومین رائٹس دن یوم سیاہ کے طور منانے کی اپیل‘
کے این ایس
سرینگر؍؍حریت کانفرنس (گ ) کے ایک تحریری بیان میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین سید علی گیلانی کی صدارت میں حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کا ایک اہم اور غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا ،جس میں کشمیر کے موجودہ حالات پر سیر حاصل بحث ہوئی ۔ کشمیر نیوز سروس (کے این ایس ) کو موصولہ تحریری بیان کے مطابق اجلاس میں خصو صاً’ ہیومین رائٹس ‘ کے حوالے سے ایک قرار داد منظور کی گئی ،جس میں لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ10دسمبر کو عالمی ہیومین رائٹس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منا ئیں ۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ اقوام عالم کو یہ پیغام دیا جائے کہ کشمیری عوام گذشتہ سات دہائیوں سے انسانی حقوق کی پامالیوں کے شکار ہیں ،خاص طور پر 5اگست سے کشمیریوں کو فوجی جمائو کے ذریعے بقول بیان یر غمال بنا یا گیا اور کشمیریوں کے سارے حقوق کو سلب کردیا گیا ہے ۔تحریری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں کشمیریوں کو پابند سلا سل بنا دیا گیا ہے ۔بیان میں اقوام عالم سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کشمیری اسیران کی رہائی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو بروئے کار لاکر حکومت ہندوستان پر دبائو ڈالیں ،تاکہ کشمیری اسیران کی رہائی ممکن ہوسکے ۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دنیا کے انصاف پسند عوام سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ کشمیری حقوق پر مبنی آزادی کی خاطر اقوام متحدہ کے ذریعے پاس کردہ قرار دادوں کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا تعائون فراہم کریں ۔