لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍جموں وکشمیر کی حکومت نے ملازمین کے حق میں ’’ لیو ٹریول کنسیشن ( ایل ٹی سی)‘‘ کو منظوری دی ہے۔ اس فیصلے سے جمو ںوکشمیر کے ساڑھے تین لاکھ مستقل سرکاری ملازمین مستفید ہوں گے۔اِس سلسلے میں قواعد و ضوابط کے تعلق سے جنرل ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹ نے باضابطہ نوٹیفکیشن پہلے ہی جاری کی ہے۔قواعد کے مطابق ایک سرکاری ملازم اپنے کنبے کے ساتھ چار برسوںمیں ایک بار ہندوستان کی کسی بھی جگہ جاسکتا ہے اور دو برسوں میں ایک بار اپنی رہائش کی اصل جگہ جاسکتا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق قواعد و ضوابط کو 31؍ اکتوبر 2019ء سے نافذالعمل تصور کیا جائے گا ۔اِن قوانین کے تحت ہر ملازم کو اپنے دفتر میں اپنے کنبے کی تفاصیل جمع کرنا ہوگی تاکہ وہ اِس سہولیت سے استفادہ کر سکے۔ایل ٹی سی کے تعلق سے سرکاری کی جانب سے وقتاً فوقتاً قواعد و ضوابط کے بارے میں نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔یہ رعایت ملازمین کو رخصت کی مدت کے دوران دی جائے گی جس میں ملازم کی جانب سے لی گئی کیجول لیو بھی شامل ہے ۔ایل ٹی سی کا تقاضاسفر سے واپسی کے بعد تین ماہ کے اندر اندر کیا جاسکتا ہے۔