’انکاونٹر15منٹ میں ہوا‘

0
0

خود کے دفاع میں پولیس نے فائرنگ کی:وی سی سجنار
یواین آئی

حیدرآباد؍تلنگانہ کے سائبرآباد پولیس کمشنر وی سی سجنار نے دیشا واقعہ کے ملزمین کے انکاؤنٹر میں ہلاکت پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے خود کے دفاع میں گولی چلائی۔ اُنہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ملازمین پر حملے پر ہم خاموش نہیں رہیں گے ۔ ہم نے گولی چلائی کیونکہ ہمیں زخمی کرتے ہوئے یہ ملزمین پولیس تحویل سے فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی تفصیلات اور منظرکشی کے لئے پولیس کی ٹیم اسکاؤٹ کے ساتھ کل شب 2 بجے تونڈپلی ٹول پلازا پہنچی۔ ان ملزمین کو چٹان پلی کلورٹ کے علاقہ کو لے جایا گیا جہاں مقتولہ ڈاکٹر کی نعش کو جلایا گیا تھا۔ ان سے یہ پوچھا گیا کہ 28نومبر کی شب کس طرح یہ واردات انجام دی گئی۔ اسی دوران دو ملزمین عارف اور چنا کیشولو نے پولیس کے ہتھیار چھین کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ ان ملزمین نے پولیس ٹیم پر سنگباری بھی کی۔ پولیس نے خود کے دفاع کے قدم کے طور پر اُن پر فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں یہ ملزمین موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔سجنار نے کہا کہ یہ انکاونٹر 15منٹ میں ہوا۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چار ملزمین کو صبح5:45بجے تا6:15بجے کے درمیان واردات کے مقام پر جانچ کے لئے لایا گیا۔انہوں نے کہا کہ واردات جہاں پر انہوں نے دیشا کی اجتماعی عصمت دری کی تھی وہاں پر پاور بینک’سیل فون’گھڑی پائی گئی جس کو ضبط کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسی دوران ملزمین نے پولیس پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی 10ٹیمیں ملزمین کو وہاں لائی تھیں۔ دیشا واقعہ کے ملزمین کی انکاؤنٹر میں ہلاکت کے بعد اُن کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم حیدرآباد کے گاندھی اسپتال میں کیا گیا۔ اسی دوران انکاؤنٹر میں ہلاک ملزمین کے ارکان خاندان کو انکاؤنٹر کے مقام پر لایا گیا جہاں عوام کی بڑی تعداد جمع ہوگئی تھی۔ انکاؤنٹر کے مقام پر عوام نے پولیس پر پھول برسائے ۔ خواتین کی بیشتر تنظیمیں بھی وہاں پہنچیں جنہوں نے مقتولہ کو خراج پیش کیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا