جہانگیر حسین میر، ریاض بشیر ناز،تاج میر، سمیت متعدد نے کیا اظہار تعزیت
تنویر پونچھی
پونچھ؍؍گزشتہ روز ہند پاک کے مابین ہوئی سیز فائر کی خلاف ورزی میں گیارہویں جماعت کے طالب علم معصوم شعیب کو درد سے کراہتے ہوئے ضلع ہسپتال پونچھ لایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے بچانے کی کوشش تو کی مگر قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا اور شعیب اوپریشن تھیٹر تک جاتے جاتے زندگی کی جنگ ہار گیا۔ شعیب کرائسٹ سکول پونچھ میں گیارہویں جماعت میں زیر تعلیم تھا اور جیسے ہی وہ کل سکول سے گھر پہنچا تو چند لمحے ہی چین سے گزارنے کے بعد ایک گولہ جو مکان کے بالکل سامنے آ کر گرا ‘کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گیا۔ حالانکہ اور افراد بھی زخمی ہوئے مگر شعیب کی چوٹ کچھ زیادہ ہی گہری تھی نہایت ہی بہادری کے ساتھ شعیب نے زندگی اور موت کی کشمکش کو دیکھا اور بے انتہا بہادری سے موت کے ساتھ لڑتے لڑتے ضلع ہسپتال میں زندگی کی جنگ ہار گیا کیونکہ قدرت کا دستور ہے کہ ایک نہ ایک دن ہر شے نے موت کا مزہ چکھنا ہے۔ شعیب کی نماز جنازہ آج دن کے قریب دوپہر ایک بجے ان کے آبائی گاؤں بانڈی چیچیاں میں ادا کی گئی جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور معصوم کی بخشش و ان کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے معصوم کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے اس موقع پر کانگریس لیڈر چوہدری ریاض بشیر ناز، جہانگیر حسین میر و تاج میر نے بھی شہید کے افراد خانہ سے تعزیت کی ہے ایک بیان میں چوہدری ریاض بشیر ناز نے کہا کہ دونوں ممالک سرحدوں پر غریب عوام کو اذیت پہنچانے میں مشغول ہیں انہوں نے دونوں ممالک کے سربراہان سے اپیل کی ہے کہ وہ سرحدوں پر خونی کھیل بند کریں اور ہندوستان جس امن و بھائی چارے کے لیے جانا جاتا تھا اس روایت کو برقرار رکھیں۔