لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍جسمانی طور ناخیز افراد کا بین الاقوامی دن آج پوری دُنیا میں منایا گیا ۔ کمپوزٹ ریجنل سنٹر بمنہ کی طرف سے اس دن کی مناسبت سے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں کافی تعداد میں ڈاکٹروں ، سماجی کارکنوں اور جسمانی طور ناخیز افراد نے شرکت کی ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈاکٹر سیّد فرحانہ اصغر اس موقعہ پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھیں ۔ انہوں نے افسروں ، کارکنوں اور فیلڈ میں کام کرنے والے لوگوں پر زور دیا کہ وہ مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے اس طبقے کے لوگوں کی مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنائیں ۔ اس پروگرام کے دوران ایک بیداری اور اورنٹیشن پروگرام کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹروں ، نیم طبی عملے ، آشا ورکروں ، طلاب ، کارکنوں اور مختلف تنظیموں کے نمائیندوں نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر سی آر سی کے طلاب نے ایک کلچرل پروگرام کے علاوہ نعت ، سوال و جواب اور مباحثوں کے مقابلے بھی منعقد کئے ۔ اس موقعہ پر ضرورتمند مستحقین میں مفت آلات تقسیم کئے گئے ۔ سی آر سی نے عام لوگوں اور جسمانی طور ناخیز افراد کیلئے جامع بیداری کو یقینی بنانے کیلئے ایک پبلک انفارمیشن مہم کا بھی انعقاد کیا ۔ سی آر سی کے ماہرین اور ری ہیبلی ٹیشن افسروں نے بھی پروگرام سے خطاب کیا اور اس دن کی اہمیت کے ساتھ ساتھ جسمانی طور ناخیز افراد کے حقوق کو بھی اجاگر کیا ۔