پروگرام کافی کامیاب ثابت ہوا ہے ۔ یونس ملک
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر وادی کے تمام اضلاع میں 23 دسمبر 2019 کو ضلع سطح کے سُپر 50 مفت کوچنگ پروگرام شروع کر رہا ہے ۔ اس سلسلے میں محکمہ سکولی تعلیم کشمیر نے پہلے ہی جی ایچ ایس ایس اننت ناگ ، بی ایچ ایس ایس بانڈی پورہ ، بی ایچ ایس ایس بڈگام ، بی ایچ ایس ایس بارہمولہ ، بی ایچ ایس ایس گاندر بل ، جی ایچ ایس ایس کلگام ، بی ایچ ایس ایس کپواڑہ ، بی ایچ ایس ایس پلوامہ ، جی ایچ ایس ایس شوپیاں ، ایس پی ایچ ایس ایس سرینگر اور جی ایچ ایس ایس حیدر پورہ سرینگر میں سُپر 50 کوچنگ مراکز قائم کئے ہیں ۔ اس سلسلے میں پہلے ہی جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق درخواستیں دس دسمبر 2019 تک داخل کی جا سکتی ہیں ۔ ایڈمٹ کارڈ 11 دسمبر کو جاری کئے جائیں گے ، 15 دسمبر کو سکریننگ ٹیسٹ منعقد کیا جائے گا ، 18 دسمبر کو نتایج کا اعلان کیا جائے گا جبکہ کشمیر صوبے کے 11 نامزد مراکز پر 23 دسمبر 2019 سے کلاس شروع کئے جائیں گے ۔ محکمہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سُپر 50 ایک جامع مفت کوچنگ پروگرام ہے اور اس میں آئی آئی ٹی ۔ جے ای ای ، این ای ای ٹی ، جے کے سی ای ٹی اور دیگر امتحانات کی کوچنگ کرائی جائے گی ۔ واضح رہے کہ ڈویژنل سطح کا میرٹ لسٹ اُمیدواروں کی طرف سے داخلہ امتحانات میں لئے گئے نمبرات پر مبنی ہو گا اور ڈویژنل کیمپس سرینگر میں پروگرام میں اُمیدواروں کو درج کیا جائے گا اس کے علاوہ 50 طلاب پر مبنی ایک ڈسٹرکٹ میرٹ لسٹ بھی تیار کی جائے گی جنہیں پی سی بی اور ایم سی بی کی کوچنگ دی جائے گی اور انہیں متعلقہ ضلع کوچنگ سنٹر میں داخل کیا جائے گا ۔ ناظمِ تعلیم کشمیر محمد یونس ملک نے کہا ہے کہ کوچنگ کیلئے تجربہ کار عملے کی دستیابی کے ساتھ ساتھ گرمی اور روشنی کے معقول انتظامات کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام کافی کامیاب ثابت ہوا ہے اور اس پروگرام کی بدولت کافی اُمیدواروں نے جے ای ای ، این ای ای ٹی اور دیگر امتحانات پاس کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ طلاب کو الاٹ کئے گئے کوچنگ مراکز میں لوازمات پورا کرنے کیلئے حاضر ہونا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں منتخب شدہ امیدواروں کی فہرست ضلع دفتروں اور ڈائریکٹوریٹ کی ویب سائیٹ www.dsek.nic.in کے علاوہ تمام نامزد مراکز پر دستیاب ہو گی