سرکاری سکیموں کے بارے میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے کی ضرورت:فاروق خان

0
0

سماجی بہبود محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا:سربراہان نے اپنے محکموں کی کاوشوں کے بارے میں تفصیلی خاکہ پیش کیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر کے صلاح کار فاروق خان نے آج محکمہ سماجی بہبود سے کہا کہ وہ سرکار کی طرف سے چلائی جارہی بہبودی سکیموں کے بارے میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کریں تاکہ مستحق افراد اِن سکیموں سے مستفید ہوں ۔مشیر موصوف نے اِن باتوں کا اِظہار آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہ محکمہ سماجی بہبود کی جائزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری سماجی بہبود منوج کمار دویدی ، سماجی بہبود جموں / سری نگر کے بی جیز ، مشن ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس ، سپیشل سیکرٹری سماجی بہبود ، ایس سی / ایس ٹی / بی سی کارپوریشنو ں کے منیجنگ ڈائریکٹر ، وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن ، کمیشن فار بیک وارڈ کلاسز ، سوشل ویلفیئر بورڈ ، ایس سی بورڈ / او بی سی / پی ایس پی کے سیکرٹری و دیگر افسران نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران مشیر موصوف نے متعلقہ محکموں،مختلف کمیشنوں ، بورڈوں کی طبعی او رمالی کارکردگی کا جائزہ لیا۔مختلف محکموں کے متعلقہ سربراہان نے اپنے محکموں کی کاوشوں کے بارے میں تفصیلی خاکہ پیش کیا۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے فاروق خان نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مختلف اخبارات کی وساطت سے اشتہاری مہم کے ذریعے مختلف بہبودی کی سکیموں کی پبلسٹی یقینی بنائیں۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ 70برس سے زیادہ اور جسمانی طور ناخیز لوگوں کے پنشن کے معاملات کو 31؍ دسمبر تک نمٹایا جائے گا۔میٹنگ کے دوران میریج اسسٹنس سکیم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیااور فیصلہ لیا گیا کہ سکیم کی عمل آوری میں سرعت لائی جائے ۔مشیر موصوف نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ دستیاب رقومات کو منصفانہ طریقے پر خرچ کرنے میں تیزی لائیں۔پراستھیٹک ایڈز کا ذکر کرتے ہوئے مشیر موصوف نے محکمہ کو بیداری کیمپ منعقد کرنے کی ہدایت دی تاکہ پراستھیٹک ایڈ سے متعلقہ سکیموں کے بارے میں لوگوں کو جانکاری حاصل ہو۔میٹنگ کے دوران آئی سی ڈی ایس ، اُمید ،جوینائل ہومز اور مختلف زمروں کے تحت طلباء کو فراہم کئے جارہے وظائف کی سکیموں کے علاوہ دیگر معاملات زیر بحث آئے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ مختلف سکیموں کے تحت 35025سمارٹ فون حاصل کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے جن میں سے اب تک 777 سمارٹ فون حاصل کئے گئے ہیں۔ باقی ماندہ 34248 سمارٹ فونوں کو حاصل کرنے کا عمل جاری ہے اور اس پروجیکٹ پر 30.67کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا