عرس کے سلسلے میںکئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا
لازوال ڈیسک
سرینگر؍صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے آج خانیار میں حضرت دستگیر صاحبؒکی زیارت گاہ پر حاضری دی اورعرس کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کاجائزہ لیا۔صوبائی کمشنر نے سرینگر ایس ایم سی کو عرس کے ایام کے دوران زیارت گاہ اور اس کے گردونواح میں بہتر صفائی ستھرائی کے لئے مزید صفائی کرمچاریوں کی خدمات کو دستیاب رکھنے کی ہدایت دی۔انہوںنے محکمہ صحت عامہ کو بھی عقیدتمندوں کے لئے پینے کے پانی کی اطمینان بخش فراہمی کو یقینی بنانے پر زوردیا۔انہوںنے محکمہ بجلی کو بھی ہدایت دی کہ وہ عرس ایام کے دوران یہاں بلا خلل بجلی کی دستیابی کے لئے بھی اقدامات کریںاوراس مقصد کے لئے جنریٹر سیٹوں کا بھی انتظام کریں تاکہ بجلی کی خلل کے دوران ان کا استعمال کیاجاسکے۔صوبائی کمشنر نے عرس ایام کے دوران خانیار زیارت گاہ سے ٹریفک کی بلا خلل آواجائی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرنے اور پارکنگ کے لئے جگہوں کی نشاندہی کرنے پر زوردیا ۔انہوںنے کہا کہ ٹریفک پلان کے لئے عقیدتمندوں کو الیکٹرانک میڈیا سے جانکاری فراہم کی جائے۔انہوںنے زیارت گاہ میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروسزکی دستیابی کی بھی ہدایت دی۔صوبائی کمشنرنے متعلقہ محکموں کے آفیسران کو عرس کے احسن انعقاد کے لئے تندہی اور فرض شناسی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر سرینگر ،ایڈیشنل کمشنر کشمیر ،چیف انجینئر پاور،آر ٹی اوکشمیر ،جی ایم جموںوکشمیر سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن،سیکریٹری جے اینڈ کے مسلم وقف بورڈ ،جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی اورجوائنٹ ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔