نور سلطان، (یو این آئی ) رام کمار رامناتھن اور سمیت ناگل کی زبردست کارکردگی سے ہندستان نے پاکستان کے خلاف ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا زون گروپ ایک کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں جمعہ کو 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔را م کمار نے پہلے ایک میچ میں محمد شعیب کو ایک بھی گیم جیتنے کا موقع نہیں دیا اور صرف 42 منٹ میں اپنا مقابلہ 6-0، 6-0 سے جیت لیا۔ دوسرے سنگلز میچ میں ناگل نے حذیفہ عبدالرحمان کو ایک گھنٹے چار منٹ میں 6-0، 6-2 سے ہرا دیا۔ اس طرح مقابلے کے پہلے دن پاکستان دو میچوں میں صرف دو گیم ہی جیت سکا۔ہندستان اور پاکستان کے درمیان ڈیوس کپ تاریخ میں یہ ساتواں مقابلہ ہے اور ہندستان مسلسل ساتویں فتح کی جانب گامزن ہے ۔ نور سلطان کے نیشنل ٹینس سینٹر کے ہارڈ کورٹ پر کھیلے جا رہے اس مقابلے میں اب ہفتہ کو باقی تین میچ کھیلے جائیں گے ۔ڈبلز میچ میں 46 سالہ لینڈر پیس اور جیون نیدو شیزیان جوڑی کا مقابلہ حذیفہ اور شعیب کی جوڑی سے ہوگا۔ چوتھے میچ میں ناگل اور شعیب اور پانچویں میچ میں رحمان اور رامناتھن نبرد آزما ہوں گے ۔اپنے سرفہرست کھلاڑیوں اعصام الحق قریشی اور عقیل خان کے اس مقابلے سے ہٹ جانے کے بعد پاکستان نے ایک نوجوان ٹیم ہندستتان کے خلاف اتاری جس میں اس کے کھلاڑیوں کے پاس کوئی بین الاقوامی درجہ بندی نہیں ہے ۔پاکستان کی ٹیم میں کل تین کھلاڑی ہیں جس میں شعیب کھلاڑی کپتان کے کردار میں ہے ۔عالمی درجہ بندی میں 176 ویں نمبر کے کھلاڑی رامناتھن نے اپنے مخالف شعیب کو پہلے میچ میں ایک بھی گیم جیتنے کا موقع نہیں دیا۔رامناتھن کو میچ میں سروس بریک کے 12 موقع ملے جن میں سے انہوں نے چھ مواقع سے استفادہ کیا۔پاکستانی کھلاڑی ایک بار بھی سروس بریک پر نہیں پہنچ سکے ۔17 سال کے پاکستانی کھلاڑی شعیب کی قابل رحم حالت کا عالم یہ تھا کہ وہ محض 20 پوائنٹس ہی جیت پائے جبکہ رامناتھن نے 51 پوائنٹس جیتے ۔رامناتھن نے میچ میں پانچ ایس بھی لگائے ۔ شعیب کی پہلی سروس کسی حد تک ٹھیک تھی لیکن ان کی دوسری سروس انتہائی خراب رہی۔یہی حال عالمی رینکنگ میں 131 ویں نمبر کے کھلاڑی ناگل کے خلاف 17 سال کے رحمن کا رہا۔ رحمان نے اگرچہ ناگل سے دو گیم کو جیتنے میں کامیابی پائی۔یو ایس اوپن کے اہم ڈرا میں جگہ بنانے والے ناگل نے پہلے سیٹ میں رحمان کو کوئی گیم جیتنے کا موقع نہیں دیا اور دوسرا سیٹ 6-2 سے جیت لیا۔ناگل نے پانچ بار حریف کھلاڑی کی سروس توڑی۔ رحمان ایک بھی بریک پوائنٹس حاصل نہیں کر سکے ۔ناگل نے 68 اور رحمان نے 36 پوائنٹس جیتے ۔ہندستان کل ہونے والے ڈبلز میچ میں تجربہ کار پیس اور جیون کی بدولت اس ٹائی کا فیصلہ کر دے گا۔اس مقابلے کی فاتح ٹیم ورلڈ گروپ کوالیفائنگ کھیلنے مارچ 2020 میں کروشیا جائے گی