ممبئی، (یو این آئی) بالی وڈ کے مشہور گلوکار ادت نارائن کسی تعارف کے محتاج نہیں ۔ آکاشوانی نیپال سے اپنے کیرئیر کی شروعات کرکے شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے والے اس گلوکار نے موسیقی کی دنیا میں خوب نام کمایا اور اپنے نغموں سے ناظرین کے دلوں پر راج کیا۔ یکم دسمبر انیس سو پچپن(1955) میں نیپال کے ایک متوسط برہمن خاندان میں پیدا ہونے والے ادت نارائن کا رجحان بچپن سے ہی موسیقی کی جانب تھا اور وہ گلوکار بننا چاہتے تھے ۔ انہوں نے موسیقی کی ابتدائی تعلیم پنڈت دنکر کیکنی سے حاصل کی۔ انہوں نے گائیکی کا سفر نیپالی ریڈیو سے شروع کیا۔تقریبا آٹھ سال تک اکاشوانی نیپال سے منسلک رہنے کے بعد 1978 میں وہ ممبئی آگئے اور بھارتی ودیا مندر میں اسکالر شپ حاصل کر کے کلاسیکل موسیقی کی تعلیم لینے لگے ۔سال 1980 میں پہلی بار انہیں راجیش روشن کی فلم ‘انیس بیس’ میں گانے کا موقع ملا حالانکہ یہ فلم باکس آفس پر ناکام رہی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم میں انہیں اپنے آئیڈل محمد رفیع کے ساتھ گانے کا موقع ملا۔ اسی درمیان انہوں نے فلم بڑے دل والا ، اپنا بھی کوئی ہوتا، پتوں کی بازی اور تن بدن جیسی بی اور سی گریڈ کی فلموں میں نغمے گائے لیکن ان فلموں سے انہیں کوئی خاص فائدہ نہیں پہنچا۔تقریبا دس سال تک ممبئی فلم انڈسٹری میں جدوجہد کرنے کے بعد 1988 میں ناصر حسین کی فلم ‘قیامت سے قیامت تک’ میں گلوکاری کا موقع ملا اس فلم کا نغمہ ‘ پاپا کہتے ہیں بڑا نام کرے گا .. کی کامیابی کے بعد ادت نارائن اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہو ئے اور راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے ۔فلم قیامت سے قیامت کی کامیابی کے بعد ادت نارائن کو اچھی فلموں کے آفر ملنے شروع ہوگئے جن میں رام اوتار، تریدیو، مہاسنگرام، دل، سوگندھ، پھول اور کانٹے جیسی بڑے بجٹ کی فلمیں شامل ہیں۔انہوں نے شاہ رخ خان، عامر خان، اکشے کمار، سنی دیول اور شاہد کپور کے لئے گیت گائے ۔ اس کے علاوہ کئی سولو البم بھی تیار کیے ، اور اپنے نغموں سے شائقین کو محظوظ کیا۔ ادت نارائن پانچ مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ سے نوازے گئے ۔ ہندی سنیمامیں ان کی اہم شراکت کو دیکھتے ہوئے انہیں سال 2009 میں پدم شري ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ 2002 میں فلم لگان کے گیت ‘سن متوا ’ اور 2003 میں فلم ‘زندگی خوبصورت ھے ’ کا نغمہ ‘ چھوٹے چھوٹے سپنے ’ کے لئے وہ بہترین گلوکار کے نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازے گئے ۔ادت نارائن نے تقریباً تین دہائی سے بھی زیادہ طویل اپنے کیریئر میں تقریبا 15000 فلمی اور غیر فلمی گانے گائے ہیں۔ انہوں نے ہندی کے علاوہ اردو تمل، بنگلہ، گجراتی، مراٹھی، تیلگو، ملیالم، کنڑ، اڑیہ اور نیپالی فلموں کے نغمات گائے ہیں ۔ غیرفلمی گیتوں میں بھجن سنگم، بھجن واٹیکا، آئی لو یو، دل دیوانہ، یہ دوستی، لو از لائف، جھمکا دے جھمکا، ماں تارینی، دھلی گنگا قابل ذکر ہیں۔کثیر جہتی صلاحیت کے مالک ادت نارائن نے نیپالی فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے ہیں۔ ان میں کوسومے رومال اور پیراتی جیسی فلمیں اہم ہیں۔ اس کے علاوہ بھوجپوری سپرہٹ فلم ‘کب ہوئی گونواں ہمار’ کی تخلیق بھی کی ہے ۔علاوہ ازیں ادت نارائن ہندستان کے علاوہ امریکہ، کناڈا، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ میں اسٹیج پروگرام بھی پیش کر چکے ہیں