نئی دہلی، (یواین آئی)سپریم کورٹ نے آئی این ایکس میڈیا سے جڑے منی لانڈرنگ معاملے میں تہاڑ جیل میں بند سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کی جانب سے دائر ضمانت عرضی پر جمعرات کو اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا۔جسٹس آر بھانومتی،جسٹس اے ایس بوپنا اورجسٹس ریشی کیش رائے کی بینچ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی)کی جانب سے پیش سالیسیٹر جنرل تشار مہتا کی دلیلیں پوری ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ رکھ لیا۔مسٹر چدمبرم کی جانب سے سینئر وکیل کپِل سبل اور ابھیشیک منو سنگھوی نے کل دن بھر بحث کی تھی، اس کے بعد مسٹر مہتا نے آج دلیلیں پوری کیں۔مسٹر چدمبرم نے دہلی ہائی کورٹ کے ذریعہ 15نومبر کو ضمانت عرضی خارج کئے جانے کے خلاف سپریم کورٹ کا رخ کیاتھا۔