پروگرام نے کپواڑہ کے لوگوں میں تیز تر ترقی کی اُمید جگائی ضلع میں 253کاموں پر پانچ کروڑ روپے خرچ
کپواڑہ/ کئی ترقیاتی کاموں کا یکے بعد دیگرے افتتاح اور نئے کاموں کی نشاندہی سے کپواڑہ ضلع کے لوگوں میں تیز تر ترقی کی اُمید جاگ گئی ہے اور لوگوں تو قع ہے کہ بیک ٹو ولیج کا دوسرا مرحلہ ترقیاتی ضرورتوں کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں لوگ جوق در جوق پنچایتوں پر آکر اپنی ترقیاتی ضروریات افسروں کے گوش گزار کررہے ہیں ۔افسروں نے پروگرام کے دوسرے مرحلے کو بھی پہلے مرحلے کی طرح ہی کامیابی سے ہمکنار کرنے کا تہیہ کیا ہے۔ ضلع میں بیک ٹو ولیج پروگرام کے پہلے مرحلے کے تحت 253کاموں پر پانچ کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں ان میں بجلی کی صورتحال کی بہتری کے لئے 133پروجیکٹ آب رسانی کے 87پروجیکٹ اور دیہی ترقی محکمہ کے 33پروجیکٹ شامل ہیں۔ ضلع میں بجلی سیکٹر کی بہتری کے لئے 2.9 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں ۔ بجلی کے نئے کھمبے نصب کر کے ترسیلی لائینوں کی تجدید کی گئی ۔ پنچایت حلقہ لالہ پورہ ۔ای کی سرپنچ دلشادہ بیگم نے نئے کھمبے فراہم کرنے اور ترسیلی لائینوں کی مرمت کے لئے حکومت اور ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ بیک ٹو ولیج پروگرام کا دوسرا مرحلہ کپواڑہ کے سبھی 120پنچایت حلقوں میں شروع کیا گیا جس دوران افسر لوگوں کے ساتھ ان کی ترقیاتی ضروریات کے بارے میں جانکاری حاصل کر رہے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر انشل گرگ نے افسروں کی ایک ٹیم کے ہمراہ کئی گرام سبھائوں میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے نتنو سہ ہنڈواڑہ میں طبی مرکز اور ٹیکی پورہ میں کانی شال بننے کے تربیتی مرکز کا افتتاح کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کلتورہ میں کریول ٹریننگ سینٹر کا افتتاح کیا۔ یہ مرکز ہینڈی کرافٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایسپریشنل ڈسٹرکٹ پروگرام کے تحت چلایا جارہا ہے ۔ اس مرکز میں 20لڑکیوں کو ایک سال کی تربیت دی جائے گی جس دوران انہیں ایک ہزار روپے ماہانہ مشاہراہ دیا جائے گا۔………۲……
……۲…… اُنہوں نے ڈی ایف او کمراز فارسٹ ڈویژن کی موجودگی میں ہائیر سکینڈری سکول لالہ پورہ میں سرمائی شجر کاری مہم کا افتتاح کیا ۔ ڈی ایف او نے کہا کہ اس مہم کے دوران ڈویژن میں ڈیڑھ لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے گرام سبھائوں میں لوگوں کے مسائل سنے اور جائز مطالبات کو پورا کرنے کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات دیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کھمریا ل۔بی میں اینمل ہسبنڈری سینٹر کا سنگ بنیاد رکھا جس کو دیہی ترقی محکمہ20لاکھ روپے کی لاگت سے رربن مشن کے تحت تعمیر کر رہا ہے ۔جگر پورہ میں اُنہوں نے ایک طبی مرکز اور پنچایت حلقہ چر کوٹ میں کمیونٹی سینٹری کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا۔ ڈپٹی کمشنر نے لولاب اور لنگیٹ میں چار بے گھر ماہی گیروں کو 65000روپے فی کس کی پہلی قسط کے چیک بھی دئیے تاکہ وہ اپنے گھر تعمیر کرسکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے باٹر گام ، ڈوڈ وَن ، الاچی زب ، پوشہ پورہ ، کاریہامہ ،ویلگام اور درگہ مولہ میں گرام سبھائوں کے دوران 170طالب علموں میں سکول وردی تقسیم کرنے کے علاوہ باتر گام اور کاریہامہ میں بزرگ افراد نے آلات سماعت اور چھڑیا ں تقسیم کیں۔کاریہامہ میں غریب لوگوں میں کمبلیں تقسیم کی گئیں۔ باتر گام الاچی زب اور ویلگام میں پردھان منتری کسان ماندھن پنشن یوجنا کارڈ مستحقین میں تقسیم کئے گئے ۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر نے دیگر کئی ترقیاتی کاموں کا بھی افتتاح کیا۔ ضلع بھر میں منعقدہ مختلف پروگراموں کے دوران لوگوں کو ایم جی نریگا ، آیوشمان بھارت ، بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو، کھیلو اِنڈیا ، سوچھ بھارت اور دیگر مرکزی سکیموں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ لوگوں کو اُمید ہے کہ حکومت اس طرح کے بامعنی پروگراموں کا آئندہ بھی انعقاد کرتی رہے گی۔