نئی دہلی، (یواین آئی)پنجاب سے کانگریس رکن پرتاپ سنگھ باجوا اور مغربی بنگال سے ترنمول کانگریس کے مانس رنجن بھنیا نے بدھ کو راجیہ سبھا میں اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی)میں ریاستوں کی حصہ داری اور جی ایس ٹی کے معاوضے کے بقائے کی جلد از جلد ادائیگی کئے جانے کا مطالبہ کیا۔وقفہ صفر کے دوران مسٹر باجوا نے کہا کہ اگست،ستمبر اور اکتوبر کے مہینے کا جی ایس ٹی اور معاوضہ نہ ملنے سے پنجاب کی مالی حالت نازک ہوگئی ہے ۔اب نومبرماہ بھی ختم ہونے والا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہر مہینے معاوضہ اور جی ایس ٹی ریونیو مل رہاتھا لیکن بعد میں معاوضہ کو دو ماہی کردیاگیا لیکن دو مہینے گزرنے پر بھی یہ رقم نہیں مل رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کا تقریباً 4100کروڑ روپے کا بقایا ہے جس کی ادائیگی وزیر خزانہ کو فوراً کرنے کے لئے اقدامات کرنے چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اس ادائیگی میں ہونے والی تاخیر کے لئے کوئی وجہ بھی نہیں بتائی گئی ہے ۔مسٹر بھنیا نے کہا کہ ہر مہینے ایک لاکھ کروڑ روپے جی ایس ٹی کلیکشن کا اندازہ تھا لیکن اکتوبر میں یہ رقم 95ہزار کروڑ روپے پر آگئی ہے ۔جی ایس ٹی اور آئی جی ایس ٹی کو صحیح طریقے سے نافذ نہیں کیاگیا ہے جس کی وجہ سے ریاستوں کو نقصان ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کو اس پر ایوان میں ایک بیان دینا چاہئے اور بقائے کی جلد از جلد ادائیگی بھی جانی چاہئے