نئی دہلی، مرکزی کابینہ نے آج ہندوستان اور میانمار کے مابین انسانی سمگلنگ کی روک تھام ، متاثرین کو بچانے اور وطن بھیجنے کے لئے دوطرفہ تعاون سے متعلق معاہدے کو منظوری دے دی۔ کابینہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت بدھ کو یہاں منعقدہ اجلاس میں دونوں ممالک کے مابین مفاہمت کو منظوری دی۔ اس میں دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے ، انسانی اسمگلنگ پر قابو پانے ، متاثرین کو بچانے اور ان کی وطن واپسی کے لئے دوطرفہ تعاون کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ اس میں انسانی اسمگلنگ کی ہر قسم کی روک تھام کے لئے تعاون بڑھانا اور اسمگلنگ کے متاثرین کو تحفظ اور تعاون فراہم کرنا بھی شامل ہے ۔ اسی کے ساتھ ہی ، دونوں ممالک نے انسانی اسمگلروں اور منظم جرائم سنڈیکیٹ کے خلاف فوری تفتیش اور قانونی چارہ جوئی کو یقینی بنانے اور ایک ٹاسک فورس کے قیام پر بھی اتفاق کیا ہے ۔ انسانی اسمگلنگ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ایک پیچیدہ مسئلہ ہے جس کی وجہ سے اس سے نمٹنے کے لئے ملکی ، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر کثیر الجہتی حکمت عملی اور بین الاقوامی سطح کے تعاون کی ضرورت ہے