اننت ناگ اننت ناگ کے 7بلاکوں یسو،قاضی گنڈ،شاہ آباد ،ویری ناگ،ہلر ،برنگ اورلارنو کے 126پنچایت حلقوں میں آج بیک ٹو لیج پروگرام دوم کے تحت سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا۔ڈائریکٹر فائنانس امتیاز احمد نے پنچایت حلقہ اوماہ ،اے ڈی ڈی سی کولگام نے تھمن کوٹ پنچایت حلقے اورمحکمہ کے دیگر آفیسران نے اپنے متعلقہ حلقوں لارکی پورہ بی ،یسو بی ،دریان دالوچ اوردیگر پنچایت کا دورہ کیا ۔اس موقعہ پر آفیسران نے عام لوگوں کے ساتھ بات چیت کی جن میں سول سوسائٹی کے ممبران ،سرکردہ شہری ،اوقاف کمیٹی کے ممبران اورطلبأ شامل ہیں۔آفیسران نے ان کی شکایات اورمعاملات کو غور سے سُنا جو کہ اُن کے دیہی علاقوں میں ترقیاتی پیش رفت سے متعلق تھے۔اس دوران شرکأ نے بجلی،پانی بنک سہولیات ،ٹرانسفارمر کو نصب کرنے ،سڑکوں رابطوں کی تعمیر ،ایچ ٹی ،ایل ٹی سپلائی لائنوں ،پنچایت عمارات کی تعمیر، سب سینٹروں ویٹرنری و شیپ یونٹوںکا قیام ،کھیل میدانوں کی تعمیر ،ریلوے ٹریک پر پانی کے اخراج ،لاوِڈورہ میں ریلوے ہالٹنگ سٹیشن ،اولڈ ایج پنشن،محکمہ لیبر کی طرف سے مزدوروں کے اندراج اور مرکزی وجموں وکشمیر معاونت والی سکیموں کی اطمینان بخش عمل آوری کا مطالبہ کیا ۔ اُدھر ترقیاتی کمشنر خالد جہانگیر نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول یسو اورجی ڈی سی لاوِڈورہ کا دورہ کیا جہاں پر پانزتھ بی پنچایت حلقے اورپنچایت حلقے لاوِڈورہ ،قاضی گنڈ کے لئے بیک ٹو ولیج پروگرام کو عملی شکل دی گئی ۔ اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنرنے کہا کہ بیک ٹو ولیج پروگرام عمل کے تحت جو مطالبات ومعاملات اُبھارے گئے تھے اُس سلسلے میں پیش رفت جاری ہے۔