موسمی مزاج :دھوپ چھائوں کا کھیل شروع

0
0

آئندہ24گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کی پیش گوئی سرینگر ۔جموں شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک بحال ،کنڈی رابطے ہنوز منقطع

سرینگر؍   :کے این ایس / وادی کشمیر میں برف وباراں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کے بیچ اتوار کو دھوپ چھائوں کا کھیل دن بھر دیکھنے کو ملا ۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ اگلے24گھنٹوں کے دوران مجموعی طور موسم خشک رہنے کا ہی امکان ہے ۔ادھر سرینگر ۔جموں شاہرا ہ پر رُک رُک کر یکطرفہ ٹریفک رواں دواں ہے ،تاہم حالیہ برفباری کے سبب کنڈی وسرحدی علاقوں کو کپوارہ ہیڈ کواٹر سے جوڑنے والے کیرن ،کرناہ اور مژھل سڑک رابطے ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے بند رہے ۔کشمیر نیوز سروس (کے این ایس ) کے مطابق کشمیر وادی میں گذشتہ دنوں پہاڑی علاقوں میں ہوئی برفباری اور میدانوں علاقوں میں ہوئی بارشوں کا سلسلہ کئی روز تک جاری رہا ،جس میں اتوار کے روز ٹھہرائو آیا ۔سرینگر کیساتھ ساتھ وادی کے دیگر علاقوں میں اتوار کو مطلع جزوی طور ابر وآلود رہا ،جس دوران دھوپ چھائوں کا کھیل بھی دن بھر دیکھنے کو ملا۔اتوار کو وادی بھر میں مجموعی طور موسمی صورتحال خشک ہی رہی ،البتہ حالیہ دنوں ہوئی برفباری کے سبب سردی کی شدت اب بھی برقرار ہے ۔ حالیہ برفباری و بارشوں کے نتیجے میں وادی کشمیر یخ بستہ ہوائوں کی لپیٹ میں آگئی ہے جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے ۔ سردی سے بچنے کیلئے لوگ روایتی تدابیر اپنانے کے ساتھ ساتھ گرمی کے جدید آلات کا بھی استعمال کر رہے ہیں ۔ ادھر موسمی مزاج میں آئی تبدیلی کے باعث بازاروں میں کانگڑیوں ،خشک سبزیوں اور دالوں کے دام بے لگام ہوگئے ہیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سردیوں کے ایام کے دوران پکوانوں میں بھی تبدیلی لائی جاتی ہے اور لوگ زیادہ تر خشک سبزیوں اور دالوں کے پکوان کا ذائقہ لینا پسند کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قیمتیں اعتدال پر نہ رہنے سے خشک سبزیاں اور دالیں بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہورہی ہے ۔ادھر کانگڑیوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ،تاہم کانگڑیوں کی قیمتیں بھی ساتویں آسمان پر ہے ۔اس دوران کے این ایس کو ملی تفصیلات کے مطابق سرینگر ۔جموں شاہراہ پر رُک رُک کریکطرفہ ٹریفک رواں دواں ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ شاہراہ پر برف وباراں کے سبب کئی مقامات پر پسیاں اور چٹانیں کھسک آئیں ،جسکی وجہ سے ٹریفک کی آوا جاہی متاثر ہوئی ،تاہم رکاوٹیں ہٹانے کیساتھ ہی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی ۔معلوم ہوا ہے کہ اتوار کے روز گاڑیوں کو جموں سے سرینگر کی طرف آنے کی اجازت دی گئی ۔ادھر حالیہ دنوں ہوئی برفباری کے سبب کنڈی وسرحدی علاقوں کو کپوارہ ہیڈ کواٹر سے جوڑنے والے کیرن ،کرناہ اور مژھل سڑک رابطے ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے بند رہے ۔معلوم ہوا ہے کہ ان رابطہ سڑکوں پر برفباری کے بعد پھسلن پیدا ہونے سے احتیاطی طور ٹریفک کی آوا جاہی روک دی گئی ۔اس دوران سرینگر ۔لہیہ شاہراہ پر بھی ٹریفک کی آمد ورفت بند ہے ۔اسی مغل روڑ پر بھی ٹریفک کی روانی تھمنے کی اطلاعات ہیں ۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں اگلے 24گھنٹوں کے دوران موسمی صورتحال مجموعی طور خشک رہنے کا امکان ہے ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا