سرینگر؍ :کے این ایس / ہندوارہ (بی ) کے علاوہ درجنوں گائوں گزشتہ ایک ہفتے سے بجلی کی سپلائی سے محروم ہیں جس کے نتیجے میں یہاں مقیم آبادی کو گوناگوں مشکلات کا سامنا ہے ۔ اس دوران طلبہ نے بتایا کہ اب جبکہ امتحانات چل رہے ہیں ایسے میں بجلی گل رہنے سے وہ صحیح طریقے سے پڑھائی بھی نہیں کر پارہے ہیں ۔ کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق ہندوارہ کے اپر راجوار کے گائوں جن میں وڈر پائین ، وڈر بالا ، لری بل ، شاٹھی گام ، بھون وٹسر ، وارپورہ ، چنجمولہ ، چونٹی واری وغیرہ شامل ہیں ، میں گزشتہ ایک ہفتے سے بجلی کی سپلائی منقطع ہے ۔ مذکورہ دیہات کے رہائشیوں نے کے این ایس کو ٹیلی فون پہ بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے ہندوارہ کے درجنوں دیہات بجلی سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے درجنوں دیہات بجلی کی سپلائی سے محروم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کے ان ایام میں بجلی کی عدم دستیابی کے سبب لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو گرم پانی کی سہولیت میسر نہیں ہوپارہی ہے جبکہ استھما مریضوں کو بھی بجلی کی عدم دستیابی کے سبب مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ انہیں متواتر بنیادوں پر ’اسٹیم ‘ کے مرحلے سے گزرنا پڑتا ہے ۔ اس دوران طلبہ نے بھی بتایا کہ بجلی کی عدم دستیابی کے سبب وہ مستقبل کی پڑھائی ٹھیک طریقے سے نہیں کر پارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ انتظامیہ نے سالانہ امتحانات کا باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے ،ایسے میں بجلی کی عدم د ستیابی کے سبب وہ امتحانی تیاریاں صحیح طریقے سے نہیں کر پارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شام کے وقت وہ زیادہ سے زیادہ پڑھائی کرتے ہیں اور سالانہ امتحانات کی تیاریوں میں جٹے ہوئے ہیں لیکن بجلی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں وہ صحیح طریقے سے سالانہ امتحانات کی تیاری نہیں کر پاتے ہیں