نئی دہلی ، ( یواین آئی) کانگریس نے آج پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے انتخابی (الیکٹورل) بانڈ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور اسے بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں کانگریس کے دونوں ایوانوں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اراکین پارلیمنٹ شامل ہوئے ۔یہ اراکین پارلیمنٹ اپنے ہاتھوں میں الیکٹورل بانڈ کے متعلق تحریر نعروں والی تختیاں لئے ہوئے تھے ۔ کانگریس لیڈروں نے نعرے بازی کی اور انتخابی بانڈ کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں وزیر اعظم نریندر مودی کاے وضاحت کرنی چاہئے ۔ کانگریس کا الزام ہے کہ انتخابی بانڈ کے ذریعے رشوت دی جا رہی ہے ۔ صرف حکمراں پارٹی کو ہی انتخابی چندہ مل رہا ہے ۔ احتجاج مظاہرے میں راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈ ر غلام نبی آزاد، کانگریس کے لیڈر آنند شرما اور لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے لیڈرادھیر رنجن چودھری شامل ہوئے ۔