جموں/ ناظم اطلاعات و تعلقات عامہ ( ڈی آئی پی آر )ڈاکٹر سیّد سحرش اصغر نے آج پی ۔این دوشی وومنز کالج ممبئی کے طالبات کے ساتھ حوصلہ افز ا اِستفسار کیا جو یہاں جموں سے کینیا کماری تک سائیکلو تھون میں شرکت کرنے کیلئے آئی ہیں ۔ جموں سے کینیا کماری سائیکلو تھون کا اہتما م پی این دوشی کالج نے کیا ہے جبکہ بھارت پیٹرولیم کا اِس ایونٹ کے اِنعقاد میں تعاون حاصل ہے ۔سائیکلوتھون 22؍ نومبر جموں یونیورسٹی سے روانہ کیا جائے گا جبکہ 25؍ دسمبر کو کینیاکمار میں اختتام پذیر ہوگا۔سائیکلو تھون کا موضوع ’’ ہر بچی کے لئے تعلیم کا حق جو ہمار ا مستقبل روشن کرے گا‘‘ رکھا گیا ہے ۔ اِس ایونٹ کو غیر معمولی ایونٹ قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر سحرش اصغر نے کہا کہ ایسے پروگراموں کی بدولت طالبات کا حوصلہ بڑھانے میں مدد ملے گی اور وہ مستقبل میں غیر معمولی کام انجام دیں گیں۔ تعلیم کی اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ تعلیم ہر طالبہ کا حق ہے اور انہیں اپنے خواب شرمندہ تعبیر کرنے چاہیئے۔اُنہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی ہر طالبہ میں وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں جو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے۔ بھارت پیٹرولیم اور پی این دوشی کالج کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ ہر ایک طالبہ کے اندر عظمت حاصل کرنے کی قدرتی صلاحیت موجود ہوتی ہے لیکن اِس چیزکو یقینی بنانے کے لئے اسے خود اعتماد ی اور اپنے اوپر بھروسہ پیدا کرنے کی صلاحیت اُجاگر کرنا ہوگی۔ طالبات کے ساتھ استفسار کے دوران ڈاکٹر سحرش نے ان کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا اور متعلقہ کالج اور بھارت پیٹرولیم کو اِس سماجی کاوش کو آگے لے جانے میں اُن کی پہل کی سراہناکی۔ جموں اینڈ کشمیر اورلداخ کے لئے بی پی ٹریٹری منیجر( ریٹیل)نے اس موقعہ پر کہا کہ ان کی کمپنی ہمیشہ سے ہی ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے تیار ہے۔ سائیکلو تھون 34دِن تک جاری رہے گااور اِس دوران یہ طالبات 3700 کلومیٹر کی مسافت طے کریں گی۔ٹیم میں 12سے 21برس کی عمر کی 21طالبات شامل ہیںاور اُن کے ہمراہ 12 سٹاف ممبران بھی ہوں گے۔ اِس موقعہ پر ڈاکٹر آشا مینن ، ڈاکٹر ایس کموداولی ، ابھے کھیتانی ، پیوش اوالانی ، سی اے گنونت رچ اور سنجے پاٹل بھی موجود تھے۔