دونوں ٹیموں کے کپتانوں کے پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے لئے بیانات، سخت مقابلے کی توقع
برسبین۔( یو این این )پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ (آج) جمعرات سے برسبین میں شروع ہوگا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی میچ سے قبل برسبین میں بھرپور پریکٹس کی، ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو بیٹنگ ٹپس دیں، پاکستانی کھلاڑی کینگروز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہیں، دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور اس اعتبار سے توقع کی جارہی ہے کہ پہلا ٹیسٹ میچ سخت اور کانٹے دار ہوگا۔، آسٹریلیا میں گرین شرٹس نے میزبان ٹیم کے خلاف 35 میچز کھیلے جس میں سے صرف 4 ٹیسٹ میچز میں کامیابی حاصل کر سکی جبکہ کینگروز نے 24 میچز اپنے نام کئے اور 7 میچز بے نتیجہ رہے۔پاکستان ٹیم آخری مرتبہ 1995 میں کینگروز کے خلاف اس کی سرزمین پر کوئی ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔ برسبین میں پاکستانی ٹیم تا حال کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیت سکی ہے۔ برسبین میں کھیلے گئے 5 ٹیسٹ میچز میں آسٹریلوی ٹیم کا پاکستان کے خلاف پلٹرا بھاری ہے، میزبان آسٹریلیا نے 4 میچز جیتے جبکہ ایک میچ ڈرا ہوا تھا۔پاکستانی ٹیم اظہر علی کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اسد شفیق، بابر اعظم، عابد علی، حارث سہیل، افتخار احمد، امام الحق، عمران خان، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، محمد موسی، نسیم شاہ، شاہین آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔ ٹیسٹ سیریز سے قبل کھیلے گئے دو ٹور میچز میں پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی، سنیئر بلے باز اسد شفیق نے دونوں وارم اپ میچز میں سنچریاں بنائیں، بابر اعظم نے پہلے میچ میں 157 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، افتخار احمد اور شان مسعود نے بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کے فرائض ٹم پین انجام دیں گے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں سٹیو سمتھ، ڈیوڈ وارنر، مچل سٹارک، نیتھن لائن، پیٹ کمنز اور جوش ہیزلووڈ شامل ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا اور آخری ٹیسٹ 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔