۔ روہت کنسل 25سے30؍ نومبر تک چلنے والے بیک ٹو وِلیج ۔دوم پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا
جموں/ پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی ، ترقی و مانیٹرنگ اور اطلاعات روہت کنسل نے بیک ٹو وِلیج ۔ دوم پروگرام جو 25؍نومبر سے 30؍نومبر تک عملایا جارہا ہے کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج شیتل نندا بھی میٹنگ میں موجود تھیں جبکہ کشمیر اور جموں صوبوں کے ڈپٹی کمشنروں کے علاوہ ایڈیشنل کمشنر کشمیر نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔ پرنسپل سیکرٹری نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر وں سے کہا کہ بیک ٹو وِلیج پروگرام کا بنیادی مقصد پنچایتوں کی بااِختیاری او رترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ پروگرام کا دوسرا مرحلہ بنیادی طور پر چا ر موضوعات پر مشتمل ہوگا ۔ پہلا مرحلہ بیک ٹو ولیج ۔ اوّل کا جائزہ لینا ، پنچایتوں کے کام کاج کے لئے افرادی قوت، مستحقین کو سکیموں کے دائرے میں لانا اور دیہی اِقتصادیات کو فروغ دینا ہے۔ روہت کنسل نے ترقیاتی کمشنروں پر زور دیا کہ وہ بیک ٹو وِلیج پروگرام کے لئے اپنے اپنے ضلعوں میں کنٹرول روم قائم کریں اور ہدایت دی کہ وہ B2V2 سے پہلے او ربعد میں دورہ کرنے والے اَفسروں کے ساتھ میٹنگوں کا اِنعقاد کریں۔اُنہوں نے کہا کہ اَفسروں کے دورے کے لئے ایک مناسب تربیتی شیڈول مرتب دیا جانا چاہیئے۔ سیکرٹری دیہی ترقی پنچایتی راج شیتل نندا نے میٹنگ میں بتایا کہ تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں اور 20نومبراور 21؍ نومبر کو ماسٹر تربیتی پروگرام منعقد کیا جائے گااور 22؍نومبر کے بعد ضلع سطح کی تربیت دی جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ پروگرام کے لئے ہرطرح کامواد تیار ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ کشمیر صوبے کے ڈپٹی کمشنر ، ڈویژنل کمشنر دفتر جبکہ جموں صوبے کے ترقیاتی کمشنر رنبیر پریس جموں سے مواد جمع کرسکتے ہیں۔ روہت کنسل نے ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ B2V2کے لئے تمام اِنتظامات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ دورہ کرنے والے اَفسروں کو اِلتوا ٔمیں پڑے پروجیکٹوں کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبوں اور سکیموں کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی جانی چاہیئے ۔ روہت کنسل نے میٹنگ میں کہا کہ بیک ٹو وِلیج پروگرام ایک متواتر معاملہ ہوگا اور اِس پروگرام کی بدولت ضلع منصوبوں کو پنچایتوں کے عین مطابق مرتب کرنے میں مدد ملے گی