’’ سو شاسن سنکلپ جموں گھو شنا‘‘ قرار داد منظور کے کے شرما نے اختتامی تقریب کی صدارت کی جموں جموں میں مرکز کے زیرِ انتظام جموں وکشمیر اور لداخ میں بہتر حکمرانی کے موضوع پر دو روزہ علاقائی کانفرنس اختتام پذیر ہوئی جس دوران ’’ سو شاسن سنگلپ جموں گوشنا‘‘ کے موضوع کی جموں قرار داد منظور کی گئی ۔ اختتامی تقریب کی صدارت جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے کی جنہوں نے معزز مہمانوں کی موجودگی میں جموں قرار داد کی رسم اجرائی انجام دی۔ کے کے شرما نے کہا کہ اس کانفرنس کے انعقاد سے یونین ٹریٹری آف جموں وکشمیر اور یونین ٹریٹری آف لداخ میں بہتر حکمرانی کے عمل کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور دیگر ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ترقیاتی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں کے طرز عمل کو اپنا یا جاسکے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ بہتر حکمرانی کے عمل کے لئے پہلے ہی کئی ٹھوس اور بامعنی خیالات ہمارے سامنے موجود ہیں تاہم اِن خیالات کو عمل شکل دینے کی ضرورت ہے۔ کے کے شرما نے دور دراز علاقوںمیں کام کرنے اور سوبھاگیہ جیسی سکیموں کی عمل آوری کے لئے انتھک کوششوں کو انجام دینے کے لئے انتظامیہ کے افسروں کی ستائش کی ۔ اُنہوں نے اعلان کیا کہ جموں وکشمیر میں 2022ء تک ہر گھر کو پینے کا پانی فراہم کرنے کے لئے عنقریب جل شکتی مشن متعارف کیا جائے گا۔ اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل نے کہا کہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے کا ایک ہدف یہ بھی ہے کہ ہر ایک پروجیکٹ کو وقتِ مقررہ کے اندر مکمل کیا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکمرانی کے عمل میں کافی بہتری آئی ہے اور ’’ نیا نظریہ ۔نئی راہیں‘‘ بہتر انتظامیہ کی بنیاد رہی ہے ۔ روہت کنسل نے کہا کہ ’’ بیک ٹووِلیج ‘‘ کی کامیابی کے بعد اس پروگرام کا دوسرا مرحلہ 25 ؍ نومبر سے 30؍ نومبر تک منعقد ہوگا۔ کانفرنس کے دوران بعد میں ’’ سوشاسن سنکلپ جموں گوشنا‘‘ کے موضوع پر ایک قرار داد پاس کی گئی جس کو جے اے ڈی کے سیکرٹری فاروق احمد لون نے پڑھ کر سنایا۔ ٭… جموں وکشمیر اور لداخ کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے مثالی انتظامی اکائیوں کے طور ترقی دی جائے گی۔ ٭… جموں وکشمیر اور لداخ میں انتظامیہ کو جو ابد اور عوام دوست بنایا جائے گا۔ ٭… جموں وکشمیر اور لداخ میں انتظامیہ اور عوام کے درمیان رشتوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ ٭… مرکز کے زیر انتظام دونوں علاقوں میں انتظامیہ کی بہتری اور معنی خیز نتائج کے لئے مقامی انتظامیہ کو مزید جامع بنایا جائے گا۔ ٭… آوازِ عوام ( لیفٹیننٹ گورنر کی شکایتی سیل ) او رسینٹرل پبلک گریوینس ری ڈریسل اینڈ مانیٹرنگ سسٹم کے مابین تعلقات کو مستحکم کیا جائے گا تاکہ عوام شکایات کا مؤثر ازالہ یقینی بنایا جاسکے۔ ٭… جموں وکشمیر اور لداخ کے سیکرٹریٹ میں کاغذ کا استعمال ختم کیاجائے گا اور ای ۔ آفس کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔ ٭… مرکز کے زیر انتظام دونوں علاقوں میں افسروں کی کپیسٹی بلڈنگ اور انتظامی مہارت کو بڑھا وادینے کے لئے افسروں اور اہلکاروں کو وقتاً فوقتاً تربیت دی جائے گی۔ ٭… جموں وکشمیر اور لداخ میں بہتر انتظامی عمل کو اپنایا جائے گا۔ اس سے قبل صبح کی نشست کے دوران مختلف ریاستوں سے آئے شرکأ نے ’’ جنگِ آزادی‘‘ ، ای این اے ایم ‘‘ ، اور ’’ نیشنل رورل لائیو لی ہڈ مشن ۔امید‘‘ کے موضوعات پر مقالے پڑھے ۔ اس نشست کی صدارت صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر اتل ڈولو نے کی۔ اختتامی نشست سے قبل مختلف محکموں کے سربراہوں نے کپسٹی بلڈنگ اور ذاتی انتظامی اہلیت کے موضوع پر تقریریں کیں۔اس نشست کی صدارت ایم سی آر ، ایچ آر ڈی حیدر آباد کے ڈائریکٹرڈاکٹر بی پی آچاریہ نے کی۔ اس دو روزہ کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم دفتر کے میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے 16 ؍ نومبر کو لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو کی موجود گی میں کیا تھا۔ اِس کانفرنس میں 19 ریاستوں اور مرکز کے زیر اِنتظام 4 علاقوں کے ڈیلی گیٹوں نے شرکت کی۔