سبھی لیڈران کی رہائی کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ سہولیات کو بحال کیا جائے /پی ڈی پی پریس کانفرنس
سرینگریو پی آئی انتظامیہ کی جانب سے جموں وکشمیر میں انتخابات کرانے پر سوالات اُٹھاتے ہوئے پی ڈی پی نے کہاکہ لیڈر شپ کو گھروں میں نظر بند کر دیا گیا ہے اور ایسی صورتحال میں جمہوری نظام کو کیسے مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی لیڈران کو پارٹی صدر کے ساتھ ملنے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ہے تو ایسی صورتحال میں چناو کیسے ہو سکتے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق جموں میں پارٹی دفتر پر ایک پُر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی پی لیڈر پرویز وفا نے انتظامیہ کی جانب سے الیکشن کرانے کو جمہوریت کے منافی قرار دیتے ہوئے کہاکہ ایک طرف بڑی پارٹیوں کے لیڈران اور کارکنان کو پابند سلاسل رکھا گیا ہے اور دوسری جانب انتظامیہ چناو کرانے کے بارے میںسوچ بچار کررہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ جمہوری نظام کو مضبوط کرنے کی خاطر حکومت کو سب سے پہلے لیڈر شپ کو رہا کرنا چاہئے۔ پی ڈی پی لیڈر کے مطابق نیشنل کانفرنس کے وفد کو این سی لیڈر شپ کے ساتھ ملاقات کرنے کی اجازت دی گئی تاہم پی ڈی پی لیڈران کو پارٹی صدر محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کرنے کی انتظامیہ نے اجازت نہیں دی ۔ انہوںنے کہاکہ محبوبہ مفتی کے ساتھ گھر والوں کو بھی ملنے کی اجازت نہیں ، سپریم کورٹ سے اجازت حاصل کرنے کے بعد ہی التجا مفتی نے اپنی ماں کے ساتھ ملاقات کی ۔ا نہوںنے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے لیڈر شپ کو نظر بند رکھنا جمہوریت اور قانون کے منافی ہے۔ انہوںنے کہاکہ سبھی لیڈران اور کارکنوں کی فوری طورپر رہائی عمل میں لانی چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ پوری وادی میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے تاہم حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی قدم نہیں اُٹھایا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پانچ اگست کے بعد صر ف کشمیر کی بات ہو رہی ہے۔ا نہوںنے کہاکہ جموں اور کشمیر کے لوگ ایک ہیں اور اس سلسلے میں کسی کو وہم و گمان نہیں ہونا چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ جموں کے لوگوں نے بھی حکومت کے اقدام پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر کے ساتھ ساتھ جموں کے لوگوں کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ وادی کشمیر میں حالات معمول پر رہیں تو انٹرنیٹ خدمات کو منقطع کیوں رکھا گیا ہے۔ انہوںنے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ جموںوکشمیر میں فوری طورپر انٹرنیٹ خدما ت بحال کیا جائے تاکہ لوگوں کو راحت مل سکے۔