ولنگٹن (یواین این ) انگلینڈ الیون نے نیوزی لینڈ الیون کیخلاف دو روزہ ٹور میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 285 رنز بنا لئے۔ منگل کو فانارئی کے مقام پر شروع ہونے والے دو روزہ ٹور میچ کے پہلے روز انگلینڈ الیون نے پہلی اننگز شروع کی تو اس کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 23 کے انفرادی سکور پر اس کے ابتدائی کھلاڑی روئے برنز آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، انکو شیپلے نے مک کلویئر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کیا۔ اس موقع پر زیک کراولے اور ڈومینک سیبلے نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا زبردست مقابلہ کیا اور اپنی اپنی سنچریاں مکمل کیں اور اپنی ٹیم کے مجموعی سکور کو ایک وکٹ کے نقصان پر 240 رنز تک پہنچا یا، پہلے دن ختم ہونے تک دونوں کھلاڑیوں نے اپنی سنچریاں مکمل کرلیں، زیک کراولے 103 اور ڈومینک سیبلے 100 رنز کے بنائے تاہم اس کے بعد دونوں کھلاڑی مزید کھیل جاری نہ رکھ سکے اور ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔ انکے بعد کپتان جو روٹ اور اولی پوپ نے ٹیم کے مجموعی کو آگے بڑھانا شروع کیا، اس طرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ الیون نے پہلی اننگز میں 1 وکٹ پر 285 رنز بنا لئے تھے، جو روٹ 41 اور اولی پوپ 9 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں،نیوزی لینڈ الیون کے شیپلے نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔