ماجد چوہدری
پونچھ؍؍مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل مینڈھر کے گورنمنٹ چھوٹے شاہ میموریل گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر کے عملے نے کالج کے پرنسپل پروفیسر دلیپ کمار رینا کے اعزاز میں شاندار الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا۔پروفیسر رینا کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر الوداعی تقریبات کا سلسلہ محکمہ اعلیٰ تعلیم میں 34 سال کی شاندار خدمات انجام دینے کے بعد ان کی ریٹائرمنٹ پر ایک شاندار اور یادگار الوداعی پروگرام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔پروفیسر رینا نے جنوری 2020 میں پیر پنجال کے اس این اے اے سی سے تسلیم شدہ کالج میں بطور پرنسپل شمولیت اختیار کی اور 31 مارچ 2022 کو اپنی سروس سے ریٹائر ہوگئے۔اس موقع پر تمام سٹاف ممبران کے ساتھ ساتھ بہت سے طلباء نے بھی بہت عزت و احترام کے ساتھ رخصت کرتے ہوئے اپنی محبت اور جذبات کا اظہار کیا۔ان کی روانگی سے قبل سینئر ترین فیکلٹی ڈاکٹر محمد شفیق کی مجموعی نگرانی میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کی کارروائی ڈاکٹر تبرک آمین خان، ایچ او ڈی اکنامکس نے چلائی جبکہ تمام انتظامات پروفیسر اے اے چودھری نے انجام دئیے۔ آغاز میں پروفیسر مرتضیٰ احمد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور پروفیسر رینا کی زندگی اور خدمات پر روشنی ڈالی۔اس تقریب کو ورچوئل موڈ میں پروفیسر رینا کی بیٹی ڈاکٹر شفالی رینا اور ان کے داماد شوبم چکرویدی نے یو ایس اے سے بھی مربوط کیا۔ اپنے آن لائن خطاب میں ڈاکٹر شیفالی نے اپنے والد کو مبارکباد دی اور خصوصا چھوٹے شاہ میموریل گورنمنٹ ڈگری کالج کے عملے اور طلباء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور عموما مینڈھر اور پیر پنجال کے علاقے کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے والد کو اتنی محبت اور تعاون دیا۔ یو ٹی بھر کے اکیڈمیشن اور طلباء نے آن لائن اور آف لائن کے ذریعے پروفیسر رینا کے لیے اپنے نیک خیالات کا اظہار کیا اور نیک خواہشات کے اظہار کے ساتھ ہی وداع کیا۔ خطاب کے دوران پروفیسر رضوان احمد، ڈاکٹر شیراز احمد، پروفیسر سرشاد حسین، پروفیسر وسیم اکرم، پروفیسر اسرار احمد اور پروفیسر اے اے چودھری نے کالج اور طلبہ کے لیے خدمات انجام دینے پر انہیں مبارکباد پیش کی اور انکی بہترین خدمات کی سراہنا کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹر محمد شفیق نے بھی پروفیسر رینا کو مبارکباد دی، اور انکے تنظیم سازی کے کردار کو سراہا۔ اس شاندار تقریب کے لیے کمیٹی کا آخر میں ڈاکٹر اعجاز احمد بانڈے نے شکریہ ادا کیا۔ الوداعی پارٹی کے اختتام کے بعد تقریباً تمام سٹاف ممبران اور بہت سے طلباء پروفیسر رینا کے ساتھ گئے اور انہیں باعزت طریقے سے بھمبر گلی (بی جی) تک چھوڑ کر دیا۔مقامی انتظامیہ اور پولیس نے بھی کالج کیمپس کے اندر اور باہر ان پروگراموں کے انعقاد کے لیے کالج ٹیم کے ساتھ تعاون کیا۔