لازوال ڈیسک
پلوامہ؍؍انتظامیہ کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے ضلع انتظامیہ پلوامہ نے اے ڈی سی آفس اونتی پورہ میں ہر بدھوار کو کام کاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہاں کے لوگوںکو بہتر سہولیات دستیاب ہوسکیں ۔اس سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر راگھو لنگر نے آج اے ڈی سی آفس اونتی پورہ میںباقاعدہ طور ضلع انتظامیہ کا کام کاج انجام دیا۔جس دوران کئی عوامی وفود کے علاوہ انفرادی سطح پر لوگوں نے ترقیاتی کمشنر کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں پانی ،بجلی ،سڑکوں کے رکھ رکھائواورصحت سے متعلق معاملات کے بارے میںجانکار ی دی۔ ترقیاتی کمشنر نے لوگوں کے معاملات کو بغور سُنا اوریقین دہانی کرائی کہ ان کے جائز مطالبات کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔بعدمیں ترقیاتی کمشنر نے پرائمری ہیلتھ سینٹر کا معائنہ کیا اور وہاں مریضوں کے لئے دستیاب سہولیات اور ادویات کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا۔