جے کے بینک ملازمین کی طرف سے لواحقین کے حق میں کئی تعزیتی اجلاس منعقد
لازوال ڈیسک
جموں/ سرینگر؍؍بنی کٹھوعہ میں پیش آئے ایک المناک حادثے میں دو حفاظتی گارڈس سمیت اپنے چار ساتھیوں کے دورانِ ڈیوٹی فوت ہونے پر جموں و کشمیر بینک ملازمین کی جانب سے آج پورے جموں کشمیر خطے میں کئی تعزیتی اجلاس منعقد کئے گئے ۔ پُر نم آنکھوں سے اپنے چار ساتھیوں کو الوداع پیش کرتے ہوئے مرحومین کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی۔ سب سے بڑی تعزیتی تقریب بینک کے صدر دفتر مولانا آزاد روڈ سرینگر میں منعقد ہوئی۔ بینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبرنے جموں زونل آفس میں ایک تعزیتی تقریب کی صدرات کی جبکہ بینک کے ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ پی کے تکو کی صدارت میں یہاں کارپوریٹ آفس میں سبھی پریزیڈنٹ، وائس پریزیڈنٹ اور کارپوریٹ آفس کے سارے عملہ کی موجودگی میں تعزیتی مجلس منعقد ہوئی۔ تعزیتی کلمات کے علاوہ مرحومین کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ کارپوریٹ آفس میں منعقد سب سے بڑی تعزیتی میٹنگ کی صدارت کرتے وقت بینک کے ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ پی کے تکونے اس حادثے پر اپنے گہرے صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کا کوئی نعم البدل نہیں ہے ۔ اگر چہ اس حادثے سے پوری جے کے بینک فیملی غمزدہ ہے تاہم ہم لواحقین کو کسی مالی مشکل سے دو چار نہیں ہونے دینگے۔انہوں نے کہا کہ جے کے بینک کی اکا سی سالہ تاریخ گواہ ہے کہ کٹھوعہ ضلع میں چند سال پہلے بھی ایسا ہی حادثہ پیش آیا اور دشوار گزار سڑکوں پر جے کے بینک ملازمین اپنے فرائض انجام دینے میں کوئی گریز نہیں کرتے ہیں۔اس سے پہلے انسانی وسائل محکمے کے پریزیڈنٹ محمد مقبول لون نے حادثے کی تفصیلات دیں اور فوت ہوئے ملازمین کے بارے میں جانکاری دیدی۔ انہوں نے کہا کہ کٹھوعہ سے بنی جارہی جے اینڈ کے بینک کی کیش وین کو سوموار شام منڈول کے نزدیک ایک المناک حادثہ پیش آیا اور گاڑی میں سوار چاروں ملازمین لقمہ اجل ہوگئے۔ فوت ہونے والوں میں اسسٹنٹ بینکنگ ایسو سی ایٹ کیول کرشن، ڈرائیور بکرم سنگھ، آرمڈ گارڈ یشپال اور سکیورٹی گارڈ ہر بنس سنگھ شامل ہیں۔