میدانی علاقوں میں بارشیں ، بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری
کے این ایس
سرینگر؍؍محکمہ موسمیات کی پیشگی پیشن گوئی کے عین مطابق اتوار کو کشمیر وادی میں موسمی مزاج کا منظر نامہ ایک مرتبہ پھر تبدیل ہوا جس دوران میدانی علاقوں میں کہیں کہیں موسلادھار تو کہیں درمیانہ درجے کی بارش ہوئی جبکہ خطہ لداخ کے لیہہ ، زنسکار اور دیگر کئی علاقوں کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں تازہ ہلکی برفباری ہوئی ۔ بارشوں اور ہلکی برفباری کے نتیجے میں درجہ حرارت میں گرائوٹ ریکارڈ کی گئی ۔ ادھر محکمہ موسمیات کے ناظم سونم لوٹس نے بتایا کہ 6 سے لے کر 8 نومبر تک جموں و کشمیر اور لداخ کے کئی بالائی علاقوں میں برفباری ہوگی جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا قوی امکان ہے ۔ کشمیر نیوز سروس کے مطابق وادی کشمیر میں موسم سرما کی دستک کے ساتھ ہی موسمی مزاج بھی تبدیل ہوگیا ۔ اتوار کو سرینگر سمیت وادی کے شمال و جنوب علاقوں میں بارش ہوئی ۔ کہیں کہیں یہ بارش موسلادھار ہوئی جبکہ کہیں یہ درمیانہ درجے کی ہوئی ۔ بالائی علاقوں میں موسم کی تازہ ہلکی برفباری بھی ہونے کی اطلاعات ہے ۔ اتوار صبح سے ہی پوری وادی میں مطلع ابر و آلود رہا جس دوران ابر کرم بھی برسا ۔ سرینگر میں اتوار کی صبح بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے دوپہر تک جاری رہا ۔ بارش کے نتیجے میں شہر سرینگر کے کئی علاقے جن میں خاص طور پر نشیبی علاقے شامل ہیں ، بارشوں کے پانی جمع ہونے سے زیر آب آگئے ۔ سرینگر میں بارشوں کا پانی جمع ہونا معمول بن چکا ہے اور اس کی بنیادی وجہ ناقص ڈرین ایج سسٹم قرار دی جارہی ہے ۔ شہر سرینگر کے کلب لالچوک کے کئی علاقے جن میں ریگل چوک ، ریزی ڈنسی روڑ ، پولو ویو ، مولانا آزاد روڑ ، ٹی آر سی ، جہانگیر چوک ، مگرمل باغ کے ساتھ ساتھ دیگر علاقے شامل ہیں ، میں بارشوں کا پانی جمع ہوا جس کے نتیجے میں عبور و مرور میں لوگوں کو مشکلات درپیش ہوئیں ۔ اسی طرح شہر کے دیگر کئی درجنوں نشیبی علاقے جن میں راجباغ ، ریڈیو کالونی ، کرسو راجباغ ، نٹی پورہ ، مہجور نگر ، بمنہ وغیرہ شامل ہے ، میں بھی بارشوں کا پانی جمع ہوا ۔ بارشوں کا پانی سڑکوں اور گلی کوچوں میں جمع ہونے سے لوگوں کو عبور و مرور میں کافی مشکلات در پیش آئیں ۔ اتوار کو سرینگر میں دن بھر مطلع ابر آلود رہا جبکہ بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے دوپہر تک جاری رہا ۔ بارشوں کا یہ سلسلہ شام دیر گئے دوبارہ شروع ہوا ۔ ادھر وادی کے شمال و جنوب کے میدانی علاقوں سے بھی بارشیں ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ۔ کپوارہ ، بانڈی پورہ ، بارہمولہ کے اضلاع کے ساتھ ساتھ وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں اور یہ سلسلہ وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا۔ ادھر اس طرح کی صورتحال جنوبی کشمیر کے 4 اضلاع پلوامہ ، کولگام ، شوپیاں اور اننت ناگ میں بھی دیکھنے کو ملی ۔ نمائندوں نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے چاروں اضلاع کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی برف کی پرتھ زمین پر بچھ گئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ پہلگام ، چندن واڑی ، امر ناتھ گپھا اورسمتھن ٹاپ میں بھی تازہ ہلکی برفباری ہوئی ۔ اسی طرح سیاحتی مقام گلمرگ کی افروٹ پہاڑی کے علاوہ دیگر بالائی پہاڑیوں پر بھی ہلکی برف کی پرتھ جم گئی ۔ محکمہ موسمیات کے ناظم سونم لوٹس نے کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وادی کشمیر کے بعض بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں دن بھر وقفے وقفے سے برفباری ہوئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکزی زیر انتظام علاقہ لداخ کے لیہہ اور زنسکا ر میں بھی ہلکی برفباری ہوئی ۔ سونم لوٹس نے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ کے تینوں خطوں میں 6سے لے کر 8 نومبر کے درمیان بارشوں اور برفباری کا ایک نیا مرحلہ بھی دیکھنے کو مل سکتا ہے ۔ انہوں نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ 6 سے لے کر 8 نومبر تک وادی کشمیر اور لداخ کے ساتھ ساتھ جموں کے بالائی علاقوں میں بھی برفباری ہونے کا قوی امکان ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا نیا مرحلہ شروع ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ تازہ بارشوں اور ہلکی برفباری کے نتیجے میں درجہ حرارت میں گرائوٹ ریکارڈ کی گئی تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کرنے سے احتراض ظاہر کیا