’جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی اور علیحدگی پسندی کا خاتمہ ہوگا ‘

0
0

ہندوستان سرمایہ کاری کے لئے دنیا کی سب سے زیادہ پرکشش معیشت ::وزیر اعظم نریندر مودی
لازوال ڈیسک
بینکاک؍؍وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے دفعہ 370کی منسوخی کو تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس فیصلے سے ملک میں ملی ٹینسی اور علیحدگی پسند رجحان کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوںنے کہاکہ 370کے باعث ہی جموںوکشمیر میں علیحدگی پسندی اور عسکریت پسندی کو بڑھاوا مل رہا تھا ۔ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے سرمایہ کاروں سے آسان کاروبار کے لئے ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنے کی اپیل کرتے ہوئے اتوار کے روز کہا کہ ہندوستان سرمایہ کاری کے لئے دنیا کی سب سے زیادہ پرکشش معیشت ہے ۔مسٹر مودی نے اتوار کو یہاں آدتیہ برلا گروپ کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنے کا یہ سب سے اچھا موقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہندوستان سرمایہ کاری کے لئے دنیا کی سب سے زیادہ پرکشش معیشت ہے اور ملک میں بڑی تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔ہندوستان میں کام کرنے سے روکنے کا انتظامی نظام ختم ہو چکا ہے ’’۔وزیر اعظم نے سرمایہ کاروں سے ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘سرمایہ کاری اور آسان کاروبار کے لئے ہندوستان آئیے ۔ کچھ نیا کرنے اور کاروبار شروع کرنے کے لئے ہندوستان آئیے ۔ کچھ بہترین سیاحتی مقامات کا دورہ کرنے اور وہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی کا احساس کرنے کے لئے ہندوستان آئیے ۔ ہندوستان آپ کا استقبال کرنے کا انتظار کر رہا ہے ’’۔انہوں نے کہا کہ کامرس اور ثقافت یکجا کرنے کے لئے ‘موروثی طاقتیں’ ہیں اور صدیوں سے سنیاسیوں اور تاجروں نے دور تک کا سفر کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ‘‘ان لوگوں نے اپنے ملک سے دیگر ممالک کا دورہ کیا اور کئی ثقافتوں کے ساتھ رچ بس گئے ۔ تہذیب اور تجارتی تعلقات یقینی طور پر دنیا کو قریب لائیں گے ’’۔مسٹر مودی نے کہا کہ ہماری حکومت ‘ایکٹ ایسٹ پالیسی’ کے لئے مصروف عمل ہے اور اس سمت میں کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کے ساتھ رابطے کے ذرائع بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ کی مغربی بندرگاہ اور ہندوستان کی مشرقی بندرگاہ کے درمیان رابطے کے ذرائع قائم ہونے سے اقتصادی شراکت داری مضبوط ہوگی۔جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) اور بین علاقائی جامع معاشی شراکت (آر سی پی) کے اجلاسوں میں شرکت کے مقصد سے تھائی لینڈ کے دورے پر آئے مسٹر مودی نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں ہندوستان نے کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘ ہندوستان اب ایک اور خواب پورا کرنے یعنی پانچ ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے کی طرف گامزن ہے ۔ سال 2014 میں جب میری حکومت بنی تھی، تب ہندوستانی معیشت تقریباً دو ٹریلین ڈالر کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف جہاں 65 سالوں میں ہندوستانی معیشت دو ٹریلین ڈالر تک پہنچی تھی، وہیں صرف پانچ برسوں میں یہ تقریباً تین ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی’’۔انہوں نے کہاکہ ‘‘موجودہ وقت میں ہندوستان کی ترقی میں محنت کشوں کا کافی تعاون شامل ہے ۔ ایک شعبہ جس میں ہم نے اہم کام کیا ، وہ ہے ٹیکس کا تعین۔ مجھے خوشی ہے کہ ہندوستان میں ایک ایسا ٹیکس بندوبست، جو لوگوں کے سب سے زیادہ سازگار ٹیکس نظام میں شامل ہے ۔ ہم اسے مزید بہتر بنانے کی سمت میں کام کررہے ہیں۔ میں نے ابھی جو کچھ کہا ہے ، وہ سبھی ہندوستان کو سرمایہ کاری کے لئے دنیا کی سب سے زیادہ پرکشش معیشتوں کی خاصیت کی عکاسی کرتا ہے ’’۔وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان میں گزشتہ پانچ سالوں میں 28.60 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جو گزشتہ 20 سالوں کے دوران ہندوستان میں ہوئی مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری کا تقریباً نصف ہے ۔وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے دفعہ 370کی منسوخی کو تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس فیصلے سے ملک میں ملی ٹینسی اور علیحدگی پسند رجحان کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوںنے کہاکہ 370کے باعث ہی جموںوکشمیر میں علیحدگی پسندی اور عسکریت پسندی کو بڑھاوا مل رہا تھا ۔ بنکاک دورے کے دوران وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے مرکزی حکومت کی جانب سے کشمیر کے متعلق لئے گئے فیصلے کو بروقت قرا ر دیتے ہوئے کہاکہ حکومت نے ستر دنوں کے اندر اندر ستر سالہ قانون کو منسوخ کیا ۔ انہوںنے کہاکہ 370کے باعث ہی جموںوکشمیر میں ملی ٹینسی اور علیحدگی پسندی کو تقویت مل رہی تھی تاہم اب اس کے خاتمہ سے نہ صرف ملی ٹینسی بلکہ علیحدگی پسندی کا بھی خاتمہ ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ جموںوکشمیر میں حالات پوری طرح سے قابو میں ہے اور لوگ بھی حکومت کو اپنا تعاون دے رہے ہیں۔ 370کو عارضی قانون قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم ہند نے کہاکہ بھاجپا نے تاریخی فیصلہ لیتے ہوئے اس قانون کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ جب سے اس قانون کو ختم کیا گیا جموںوکشمیر میں امن و امان واپس لوٹ آیا ہے جبکہ ملی ٹینسی کی بھی کمر توڑ دی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ خطے میں امن و امان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی خاطر بھارت نے ماضی میں بھی کام کیا او رمستقبل میں بھی امن کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ سبھی ممالک کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا چاہئے کیونکہ یہ عالمی مسئلہ بن گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ جو کوئی بھی ملک دہشت گردی کو پروان چڑھارہا ہے اُس کے خلاف عالمی برادری کو سخت کارروائی کرنی چاہئے تاکہ دنیا سے اس ناسور کو اکھاڑ پھینک دیا جاسکے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا