یواین آئی
بھونیشور؍؍ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم نے طوفانی مظاہرہ کرتے ہوئے جمعہ کو یہاں کلنگا اسٹیڈیم میں امریکہ کو اولمپک کوالیفائرس کے پہلے میچ میں 5-1 سے شکست دے کر 2020 کے ٹوکیو اولمپکس میں جگہ بنانے کے لئے اپنی دعویداری پختہ کر لی ۔رانی رامپال کی قیادت میں نویں رینکنگ والی خاتون ٹیم نے 13 ویں نمبر کی ٹیم امریکہ کو آخری دو کوارٹر میں تارے دکھادئے ۔ ہندستان نے تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں 11 منٹ کے وقفے میں چار گول داغ کر امریکہ کا سارا معاملہ ختم کر دیا۔امریکہ نے آخری منٹ میں اپنا واحد گول کیا۔ ہندستانی خاتون ٹیم کا آخری بار امریکہ سے مقابلہ 2018 کے خواتین ورلڈ کپ میں ہوا تھا جہاں ہندستان نے 1-1 کا ڈرا کھیلا تھا۔لیکن اس مقابلے میں ہندستان کی طوفانی کارکردگی کا امریکہ کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔۔ہندستان کی اس شاندار فتح میں ڈریگ فلکر گرجیت کور نے دو گول داغے ۔پہلی کوارٹر بغیر گول رہنے کے بعد للما منز نے 28 ویں منٹ میں ملے پنالٹی کارنر پر گول کر کے ہندستان کو برتری دلا دی۔آدھے وقت تک ہندستان 1-0 سے آگے تھا۔لجا دیوی نے 40 ویں منٹ میں ملے پنالٹی کارنر پر اسکور 2-0 کر دیا جبکہ گرجیت کور نے 42 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر اسکور کرکے 3-0 کر دیا۔نونیت کور نے 46 ویں منٹ میں میدانی گول سے ہندوستان کو 4-0 سے آگے کر دیا۔ ہندستان کو 51 ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک ملا اور گرجیت نے ہندستان کا پانچواں گول داغنے میں کوئی غلطی نہیں کی۔امریکہ کا واحد گول 54 ویں منٹ میں ملے ا سٹروک پر ایرن میٹسن نے کیا اور ہار کا فرق کم کیا۔اس جیت سے ہندستانی خاتون ٹیم کا دوسری بار اولمپک کھیلنے کا خواب پورا ہوتا دکھائی دے رہا ہے ۔اس کوالیفائنگ کا دوسرا میچ ہفتہ کو کلنگا اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔ہندوستان کو ٹوکیو کا ٹکٹ حاصل کرنے کے لئے صرف یہ میچ ڈرا کرانے کی ضرورت رہے گی۔دوسری طرف امریکہ کو اپنی توقعات کے لئے نہ صرف بڑی جیت حاصل کرنی ہوگی بلکہ گولوں میں ہندستان کی برابری کرنی ہوگی تاکہ پوائنٹس اور گولوں کے برابر رہنے کی صورت میں شوٹ آؤٹ کا سہارا لیا جا سکے ۔ نئے فارمیٹ کے مطابق اولمپکس کوالیفائرس میں دو میچ ہونے ہیں جس میں پوائنٹس کی بنیاد پر فیصلہ ہوگا کہ کون سی ٹیم اگلے سال ٹوکیو اولمپکس میں کھیلے گی۔جیتنے پر تین پوائنٹس اور ڈرا رہنے پر ایک پوائنٹس حاصل کریں گے ۔اگر پوائنٹس برابر رہتے ہیں تو پھر گول اوسط دیکھا جائے گا اور اگر گول بھی برابر رہتے ہیں تو شوٹ آؤٹ کا سہارا لیا جائے گا۔اگر شوٹ آؤٹ برابر رہتا ہے تو سڈن ڈیتھ سے اولمپکس میں جانے والی ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔