سکریٹری گورنمنٹ ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے کیا پروگرام کا افتتاح
تنویر پونچھی
پونچھ؍؍ آج ڈگری کالج پونچھ میں مشہور سکھ سنت گرو نانک دیو جی کے550ویں یوم پیدائش کے سلسلے میں منعقد ہو رہے پروگراموں کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جہاں پر سکریٹری گورنمنٹ ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ طلعت پرویز روہلا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور گورو نانک دیو جی کی تعلیمات سے عوام کو روشناس کرایا ۔اس موقع پر مختلف کلچرل ایٹم اور دیگر ثقافتی پروگرام و خصوصی لیکچرز کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جن کے ذریعے گرو نانک دیو جی کی تعلیمات عوام تک پہنچائی گئی تقریبات کا آغاز مہمان خصوصی نے شمع جلا کر کیا جس کے بعد ایک ثقافتی پروگرام کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر تقریری پروگرام میں پروفیسر ذاکر حسین کالس نے نظامت کے فرائض انجام دیے جبکہ ثقافتی و کلچرل پروگرام میں پروفیسر ڈاکٹر امجد علی بابر نے نظامت کی اور پروگرام کی رونق کو دوبالا کیا۔ کلچرل پروگرام میں محفل قوالی کشمیری ناچ اور پنجابی ناچ سے ڈگری کالج پونچھ کے طلباء نے عوام کو محظوظ کیا جبکہ ایک ایکشن گیت جس میں پلاسٹک کو استعمال نہ کرنے کی صلاح دی گئی گایا گیا ۔اس موقع پر سردار نریندر سنگھ پردھان گردوارہ پربندھک کمیٹی نے گرو نانک کی حیات و خدمات و تعلیمات سے متعلق مفصل خطاب کیا اور ان کے کارناموں میں انسانیت کی جھلک بغیر کسی تفریق کے دکھائی افتتاحی تقریب میں کھیل کود کے علاوہ کاشتکاری مہم بھی چلائی گئی جس میں مہمان خصوصی نے اپنے ہاتھوں سے پیڑ لگا کر مہم کا آغاز کیا ۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہل یادو ،ڈی ایف او موہن چوہدری، پرنسپل ڈگری کالج پونچھ تجیندر سنگھ ،پرنسپل ڈگری کالج مینڈھر کے علاوہ ڈاکٹر شمیم احمد بانڈے ،پروفیسر ڈاکٹر رانی مغل ،پروفیسر رزاق بانیا پروفیسر فتح محمد عباسی و کئی دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔