مجوزہ بکری فارم کی جگہ کا معائینہ کیا
لازوال ڈیسک
بانڈی پورہ؍؍پرنسپل سیکرٹری بھیڑ و پشو پالن ، ماہی پروری اور ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے آج بانڈی پورہ کا دورہ کر کے متعلقہ محکموں کے مجموعی کام کاج کا جائزہ لیا۔اس دوران ڈاکٹر سامون نے ارن، دردہ پورہ بانڈی پورہ میں مجوزہ بکری فارم کی جگہ کا معائینہ کیا۔متعلقہ افسرو ںنے پرنسپل سیکرٹری کو جانکاری دی کہ اس پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کی تخمینہ لاگت 8کروڑ روپے ہوگی اور اس سے مرحلہ وارطریقے پر مکمل کیا جائے گا ۔ اُنہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کے مکمل ہونے سے مویشی پالن کے سیکٹر کو فروغ حاصل ہوگا۔اُنہوں نے متعلقین کو ہدایت دی ہے کہ وہ کسانوں کی بہبود ی کے لئے محکمہ کو مزید مستحکم کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈیری فارم کے لئے سوئزر لینڈ سے بکریاں درآمد کی جائیںگی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سطح کی کمیٹی کی طرف سے منتخب کئے گئے مستحقین کو دو گائیں اور دس بھیڑ فراہم کئے جائیں گے تاکہ ان کی آمدن میں اضافہ ہوسکے۔دورے کے دوران ڈاکٹر سامون نے 33کسانوں میں ویٹرنری ادویات اور 34کسانوں میں مفت کمبل تقسیم کئے ۔ اس دورا ن انہوں نے کئی دیگر پروجیکٹوں کا بھی معائینہ کیا او رافسروں پر زور دیا کہ ان پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ مویشی پالن سیکٹر کو تقویت مل سکے۔اس موقعہ پر ڈی سی بانڈی شہباز احمد مرزا، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری ڈاکٹر عبد السلام ، ڈائریکٹر فشریز آر این پنڈتا اور کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی پرنسپل سیکرٹری کے ہمراہ تھے۔