فیصلہ سونیا گاندھی کریں گی
لازوال ڈیسک
چندی گڑھ؍؍ہریانہ ریاستی کانگریس قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے انتخاب کے سلسلے میں پارٹی کے نو منتخب 31 ممبران اسمبلی کی یہاں ریاستی پارٹی ہیڈکوارٹر میں آج ریاستی صدر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ کماری شیلجا کی صدارت میں میٹنگ ہوئی جس میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کرکے لیڈر کے عہدے کے تعلق سے حتمی فیصلہ پارٹی کی عبوری صدر سونیا گاندھی پر چھوڑ دیا گیا ہے میٹنگ میں کانگریس جنرل سکریٹری اور ریاستی پارٹی امور کے انچارج غلام نبی آزاد اور رکن پارلیمنٹ و پارٹی کے مرکزی مشاہدمدھو سودن مستری، سابق وزیر اعلی اور ممبر اسمبلی بھوپندر سنگھ ہڈا اور پارٹی کے ممبر اسمبلی بھی موجود تھے۔ مسٹر مستری نے قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے عہدے، انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی اور مستقبل کی حکمت عملی کے سلسلے میں سبھی ممبران اسمبلی سے ذاتی طور پر علیحدہ علیحدہ بات چیت کی۔ اس کے بعددوپہر تقریباً دو بجے ممبران اسمبلی، انتخابات میں پارٹی امیدواروں، ضلع رابطہ کاروں اور پارٹی کی اہم تنظیموں کے سربراہان کی ایک اور میٹنگ ہوئی جس میں ہریانہ کے دن کے موقع پر ملک میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومتوں کی ناکام پالیسیوں کی مخالفت میں سات سے 14 نومبر تک ایک ہفتے تک احتجاجی مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس میٹنگ کو مسٹر آزاد اور احتجاجی مظاہرے کے پروگراموں کے لئے مقرر خصوصی مشاہد ڈاکٹر یوگانند شاستری نے بھی خطاب کیا۔