حلف برداری آج، سرینگر اور لداخ میں الگ الگ تقاریب ، سیکورٹی کے کڑے بندو بست
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍نامزد لیفٹیننٹ گورنر جموں اینڈ کشمیر گریش چندرا مرمو آج سری نگر میں پہنچ گئے ۔سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مشیر فاروق احمد خان اور چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے ان کا استقبال کیا۔نامزد لیفٹیننٹ گورنر کی آمد پر پرنسپل سیکرٹری داخلہ شالین کابرا، پرنسپل سیکرٹری خاطرو تواضع روہت کنسل ، ڈی جی پولیس دِلباغ سِنگھ ، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان،آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی ،ترقیاتی کمشنر بڈگام طارق احمد گنائی ، ڈائریکٹر خاطر و تواضع طارق احمد زرگر اور ریاستی سرکار کے دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔سخت سیکورٹی حصار میں جموں و کشمیر اور لداخ کے لیفٹنٹ گورنروں کی حلف برداری تقاریب کے سلسلے میں تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے جبکہ یہ تقاریب آج یعنی جمعرات ، 31 اکتوبر کو سرینگر اور لداخ میں منعقد ہونگی ۔ پولیس نے اس سلسلے میں سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے ہیں جبکہ کسی بھی ممکنہ جنگجویانہ حملے کو روکنے کیلئے سیکورٹی کے مزید سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ جموں و کشمیر اور لداخ کے مقرر کئے گئے لیفٹنٹ گورنروں کی حلف برداری کی تقاریب آج یعنی جمعرات ، 31 اکتوبر کو منعقد ہونے جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں انتظامی سطح پر تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے جبکہ سیکورٹی کے سخت انتظامات بھی کئے گئے ہیں ۔ 31 اکتوبر کو جموں و کشمیر اور لداخ دو یونین ٹریٹریوں میں تقسیم ہونگے اور اس کیلئے لیفٹنٹ گورنروں کی تعیناتی بھی باضابطہ طور پر عمل میں لائی گئی ہے ۔ حلف برداری کی تقریب اس سلسلے میں سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے ہیں ۔ حلف برداری کی پہلی تقریب لداخ میں منعقد ہوگی جہاں صبح 7 بجکر 15 منٹ پر مرکزی زیر انتظام علاقہ لداخ کے پہلے لیفٹنٹ گورنر رادھا کرشنا ماتھر کو جموں و کشمیر کی چیف جسٹس گیتا متل حلف دلائیں گی ۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ حلف برداری تقریب اختتام پذیر ہونے کے ساتھ ہی جموں وکشمیر کی چیف جسٹس سرینگر کیلئے روانہ ہونگی اور یہاں دوپہر 12 بجکر 45 منٹ پر جموں و کشمیر کے پہلے لیفٹنٹ گورنر گریش چندرا مورمو کو حلف دلائیں گی ۔ ذرائع نے بتایا کہ حلف برداری کی تقاریب کے فوراً بعد جموں و کشمیر اور لداخ باضابطہ طور پر دو مرکزی زیر انتظام علاقوں کے تحت کام و کاج کریں گے ۔ جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ کے تحت ریاست جموں و کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا جس کے تحت جموں اور کشمیر کو ایک یونین ٹیریٹری جبکہ خطہ لداخ کو علیحدہ یونین ٹیریٹری قرار دیا گیا ۔ مودی حکومت نے 5 اور 6 اگست کو پارلیمانی فیصلہ جات لے کر جموں و کشمیر کو دو حصوں میں منقسم کیا جبکہ اس سلسلے میں بعد ازاں صدر ہند رام ناتھ کووند نے باضابطہ طور پر حکم نامے پر دستخط بھی کئے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیفٹنٹ گورنروں کی حلف برداری کی تقاریب انتہائی سادگی سے انجام دی جائیںگی کیونکہ کوئی مرکزی لیڈر ان تقاریب میں حصہ نہیں لے گا ۔