یواین آئی
ایمسٹرڈیم؍؍ دنیا کی 17 ویں نمبر کی ٹیم پاکستان نے کارکردگی کا زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کی تیسرے نمبر کی ٹیم ہالینڈ کے ساتھ ہاکی اولمپک کوالیفائرس کے پہلے میچ میں 4-4 کا ڈرا کھیلا۔پاکستان نے میچ میں 3-2 اور 4-3 کی برتری بنائی لیکن ہالینڈ نے دونوں بار واپسی کرتے ہوئے برابری حاصل کر لی۔ دونوں ٹیموں کو اس ڈرا سے 1-1 پوائنٹس حاصل ہوا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرے میچ کے نتائج سے فیصلہ ہوگا کہ کون سی ٹیم 2020 کے ٹوکیو اولمپک میں کھیلنے اترے گی۔ اس دوران ا سپین کی مرد اور خاتون ٹیموں نے ٹوکیو اولمپک کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے ۔ ان کے ساتھ آسٹریلیا اور چین کی خاتون ٹیموں نے بھی اولمپک کے لئے اپنی جگہ پکی کر لی ہے ۔چین کی خاتون ٹیم نے چانگزو میں بیلجئیم کو شوٹ آؤٹ میں 2-1 سے شکست دی۔ بیلجئیم نے پہلا میچ 2-0 سے جیتا جبکہ چین نے دوسرا میچ 2-0 سے ہی جیتا۔ پوائنٹس اور اسکور برابر رہنے کے بعد شوٹ آؤٹ کا سہارا لیا گیا جس میں چین نے 2-1 سے بازی مار کر مسلسل نویں بار اولمپک میں جگہ بنا لی جبکہ بیلجئیم کا دوسری بار اولمپک کھیلنے کا خواب ٹوٹ گیا۔ پرتھ میں تین بار کی طلائی فاتح اور دوسرے نمبر کی آسٹریلیا کی خاتون ٹیم نے دوسرے میچ میں 19 ویں درجہ بندی کے روس کو 5-0 سے شکست دی۔ آسٹریلیا نے پہلا میچ 4-2 سے جیتا تھا۔ آسٹریلیا نے اس طرح یہ مقابلہ کل 9-2 کے فرق سے جیت لیا۔والنسیا میں اسپین کی مرد ٹیم نے فرانس کو دوسرے میچ میں 3-2 سے شکست دی۔ دونوں ٹیموں نے اس سے قبل پہلا میچ 3-3 سے ڈرا کھیلا تھا۔ ا سپین نے یہ مقابلہ کل 6-5 کے فرق سے جیت لیا۔ اسپین کی خواتین ٹیم نے کوریا کو دوسرے میچ میں 2-0 سے شکست دی۔ اسپین نے پہلا میچ 2-1 سے جیتا تھا۔ا سپین کی خواتین ٹیم نے یہ مقابلہ کل 4-1 کے فرق سے جیت کر اولپک کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ا سپین کی ٹیم ساتویں بار اولمپکس میں کھیلے گی جبکہ کوریا کی ٹیم 1988 کے بعد سے پہلی بار اولمپکس میں نہیں ہوگی۔ادھر وینکوور میں کینیڈا کو آئر لینڈ کے ہاتھوں پہلے میچ میں 3-5 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کینیڈا کو اگر اولمپک ٹکٹ چاہئے تو اسے دوسرے میچ میں بڑی جیت حاصل کرنی ہوگی ورنہ آئر لینڈ کا دعوی مضبوط ہو گیا ہے ۔