لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں منعقدہ ریاستی انتظامی کونسل نے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں اور گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کے مختلف شعبوں کے لئے پروفیسروں اور ایسوسیٹ پروفیسروں کی 16نئی اسامیان معرض وجود میں لانے کو منظوری دی گئی ہے۔اِن میں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے لئے امراض اطفال ، ریڈیو ڈائیگا نوسز ، فارما کولوجی اور امراض قلب کے شعبوں کے لئے پروفیسر کی ایک ایک اسامی ، جنرل سرجری اور جنرل میڈیسن کے شعبوں کے لئے ایسو سیٹ پروفیسر کی ایک ایک اسامی اور امراض خواتین کے شعبے کے لئے ایسو سیٹ پروفیسر کی دو اسامیاں شامل ہیں۔گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کے لئے جو اسامیاں معرض وجود میں لائی گئی ہیں ان میں امراض نفسیات ،سرجری ، ای این ٹی ، اینا ٹومی ،امراض اطفال ، ریڈیشن آن کولوجی اور امراض ہڈی و جوڑ کے شعبوں کے لئے پروفیسر کی ایک ایک اسامی اور ریڈیو ڈائیگانوسز شعبے کے لئے ایسو سیٹ پروفیسر کی ایک اسامی شامل ہیں۔جموں اور سری نگر کے میڈیکل کالجوں میں ان اسامیوں کو پُر کرنے سے اِن اداروں میں مزید بہتر طبی نگہداشت کی فراہمی یقینی بنے گی۔اِس کے علاوہ اِن اسامیوں کو پُرکرنے سے ان دونوں اداروں میں سال 2019-20 کے دوران پوسٹ گریجویٹ نشستوں میں بھی اضافہ ہوگا۔