0
0

حد متارکہ پر خوفناک صورتحال:کئی سیکٹروں میں گولہ باری کا تبادلہ
سر حد پار2عام شہریوں کی ہلاکت ،اِ س پار متعدد افراد زخمی ،لوگوں میں خوف
کے این ایس

سرینگر؍؍حد متارکہ پر صورتحال کشیدہ بنی ہوئی ہے اور ہند ۔پاک افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہنوز جاری ہے ۔تازہ آتشی گولہ باری کا تبادلہ جمعہ کو پونچھ اور کٹھوعہ اضلاع کے کئی سیکٹروں پیش آیا ،جس میں فوجی اہلکار سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔آر پار آتشی گولہ باری کے سبب دونوں اطراف سرحدی آبادی میں خوف وہراس پایا جارہا ہے جبکہ لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں ۔دونوں ممالک کی افواج ایکدوسرے پر سیز فائر سمجھوتے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کررہی ہیں ۔ادھر پاکستان کا الزام ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ضلع کوٹلی میں بھارتی فورسز کی شیلنگ سے باپ ،بیٹا ہلاک ہوا ۔کشمیر نیوز سروس (کے این ایس ) کے مطابق حدمتارکہ پر صورتحال انتہائی کشیدہ اور پرتنائو ہے جبکہ برصغیر کی دو ایٹمی طاقتوں کی افواج لائن آف کنٹرول پر آمنے سامنے ہیں ۔دو نوں ممالک کی افواج کے درمیان جاری آتشی گولہ باری کے نتیجے میں دونوں اطراف سے جانی ومالی نقصان ہورہا ہے ۔پونچھ اور کٹھوعہ اضلاع کے کئی سیکٹروں میں جمعہ کو ہند ۔پاک افواج نے ایکدوسرے کی اگلی چوکیوں کو نشانہ بنانے کیلئے جنگی ہتھیاروں کا استعمال کیا ۔دونوں ممالک کی افواج ایکدوسرے پر فائرنگ اور ماٹر شیلنگ کررہی ہیں ۔معلوم ہوا ہے کہ پونچھ میں آتشی گولہ باری کے تبادلے میں ایک فوجی زخمی ہوا ۔اس دوران عام شہریوں کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ یہاں مویشیوں کے ہلاک ہونے بھی اطلاعات ہیں ۔کٹھوعہ ضلعے کے سیکٹروں میں بھی اسی طرح کی خوفناک صورتحال بنی ہوئی ہے ۔جمعہ کو کٹھوعہ ضلعے کے کئی سیکٹروں میں فائرنگ اور ماٹر شیلنگ کا تبادلہ ہوا ۔یاد رہے کہ جمعرات کو کرناہ ٹنگڈار کپوارہ سیکٹر میں آر پار فائرنگ اور ما ٹر شیلنگ کے باعث ایک خاتون ہلاک اور 10افراد زخمی ہوئے تھے ۔اس سے قبل19اور20اکتوبر کی رات کو بھی اسی سیکٹر میں شدید گولہ باری ہوئی تھی ،جس میں دو فوجی اہلکار اور عام شہری ہلاک جبکہ دیگر متعدد افراد زخمی ہوئے تھے ۔آتشی گولہ باری کے نتیجے میں یہاں کئی رہائشی ودیگر ڈھانچوں کو نقصان پہنچا تھا۔پاکستان کا کہناتھا کہ اس سیکٹر میں بھارت فوج کی فائرنگ اور ماٹر شیلنگ سے ایک فوجی سمیت6افراد ہلاک ہوئے جبکہ کئی رہائشی مکانات ،دکانات اور دیگر ڈھانچوں کو نقصان پہنچا ۔فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے20اکتوبر کو ہی دعویٰ کیا تھا کہ ایل او سی پر کرناہ ٹنگڈار سیکٹر میں پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں ملی ٹنٹوں کے 3لانچنگ پیڈوں کو تباہ کیا گیا ۔ ادھر پاکستان کا الزام ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ضلع کوٹلی میں بھارتی فورسز کی شیلنگ کے نتیجے میں ایک شخص بیٹے سمیت ہلاک جبکہ ایک بچی زخمی ہوگئی۔پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی زیر کشمیر میں واقع وادی نیلم میں بھارتی فورسز نے گزشتہ روز سہ پہر میں شیلنگ کی اور جورا گاؤں اور لالہ گاؤں کے علاقوں کو نشانہ بنایا۔وادی نیلم کے ڈپٹی کمشنر راجا محمود شاہد نے کہا کہ’ بھارتی فورسز نے چھوٹے اور بھاری ہتھیار استعمال کیے اور شیلنگ کی شدت بہت زیادہ تھی‘۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی فورسز کی شیلنگ کے نتیجے میں لالہ گاؤں میں گل زرین نامی شخص ان کا 12 سالہ بیٹا سلطان ہلاک ہوگیا۔واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں ہند۔پاک افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے، تاہم اس کے باوجود طرفین کے مابین آئے روز آتشی گولہ باری کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے ۔دفعہ 370کی منسوخی کے بعد اس میں مزید شدت آئی ہے ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا