یواین آئی
بنگلور؍؍ملک کے گھریلو ون ڈے مقابلہ وجے ہزارے ٹرافی اس بار جنوبی ہندوستان جانے والی ہے کیونکہ خطاب کے لئے دو جنوبی ریاستوں تمل ناڈو اور کرناٹک کے بیچ مقابلہ ہوگا۔تمل ناڈو نے بنگلور کے جسٹ کرکٹ اکیڈمی میدان میں گجرات کو بارش سے متاثرہ مقابلے میں پانچ وکٹ سے شکست دی جبکہ کرناٹک میں چھتیس گڑھ کو ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں نو وکٹ سے شکست دی تھی۔ فائنل 25 اکتوبر کو ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ تمل ناڈو اور گجرات کے مقابلے میں میدان گیلا ہونے کی وجہ سے اوور کی تعداد کم کرکے 40 کر دی گئی تھی۔ گجرات کی ٹیم 40 اوور میں نو وکٹ پر 177 رن ہی بنا سکی۔ گجرات کے لئے دھرو راول نے 40، اکشر پٹیل نے 37 اور 10 ویں نمبر کے بلے باز چنتن گاجا نے ناٹ آؤٹ 24 رن بنائے ۔ کپتان پارتھیو پٹیل 13 اور سلامی بلے بازپریانک پانچال 3 رن ہی بنا سکے ۔ تمل ناڈو کی جانب سے ایم محمد نے 23 رن پر سب سے زیادہ تین وکٹ لئے ۔ تمل ناڈو نے 39 اوور میں پانچ وکٹ پر 181 رن بنا کر میچ جیت لیا۔تمل ناڈو کی شروعات خراب رہی تھی اور اس کے دو وکٹ صرف 25 رن پر گر گئے تھے لیکن ابھینو مکند نے 32، کپتان دنیش کارتک نے 47 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 47، واشنگٹن سندر نے ناٹ آؤٹ 27 اور شاہ رخ خان نے محض 46 گیندوں پر تین چوکے اور تین چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 56 رنز بناکر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں کرناٹک کو جیتنے کے لئے زیادہ پسینہ نہیں بہانا پڑا۔چھتیس گڑھ کی ٹیم امندیپ کھرے کی 78 رنز کی شاندار اننگز کے باوجود 49.4 اوور میں 223 رنز بنا کر سمٹ گئی۔ وی کوشک نے 46 رن دے کر سب سے زیادہ چار وکٹ لئے ۔ لوکیش راہل نے 111 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 88، دیودت پڈیکل نے 98 گیندوں میں سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 92 اور مینک اگروال نے 33 گیندوں میں ناٹ آوٹ 47 رن بنا کر کرناٹک کو فائنل میں پہنچا دیا۔