لائن آف کنٹرول پر صورتحال دھماکہ خیز

0
0

کرناہ سیکٹر میں شدید گولہ باری ،خاتون ہلاک ،4زخمی ،2سرینگر منتقل
کئی مقامات کو پہنچا شدید نقصان ، لوگوں میں خوف وہراس ، پناہ لینے پر مجبور
کے این ایس

سرینگر؍؍کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول پرصورتحال دھماکہ خیز بنی ہوئی ہے ،جس دوران جمعرات کو سرحدی ضلع کپوارہ کے کرناہ سیکٹر میں ہند پاک افواج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا ،جس میں ایک خاتون ہلاک اور4دیگر عام شہری زخمی ہوئے جبکہ زخمیوں میں سے2کو تشویشناک حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا ۔ادھر آتشی گولہ باری کے باعث کئی رہائشی مکانات کو شدید نقصان بھی پہنچا ہے جبکہ سرحدی آباد ی میں خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگوں محفوظ مقامات پر پناہ لینے پر مجبور ہورہے ہیں ۔اس دوران دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج لائن آف کنٹرول میں متواتر سیز فائر سمجھوتہ کی خلاف ورزیاں کررہی ہے ،جس کا مئوثر جواب دیا جارہا ہے ۔دریں اثناء جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے کئی سیکٹروں میں بھی طرفین کے مابین رُ ک رُ ک کر آتشی گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے ۔ کشمیر نیوز سروس (کے این ایس ) کے مطابق 5اگست کے بعد جہاں وادی کشمیر میں غیر یقینی اور تذبذب کی صورتحال نے جنم لیا ہے ،وہیں لائن آف کنٹرول پر شدید کشیدگی اور تنائو بھی جاری ہے ۔برصغیر کی دو ایٹمی طاقتوں کی افواج اِ ن دنوں حدمتارکہ پر آمنے سامنے ہیں ،جسکی وجہ سے یہاں نہ صرف صورتحال انتہائی دھماکہ خیز بنی ہوئی ہے بلکہ جنگ جیسی صورتحال بھی پائی جارہی ہے ۔حالیہ دنوں سرحدی ضلع کپوارہ کے کر ناہ اور ٹنگڈار سیکٹروں میں شروع ہوئی ہلاکت خیزآتشی گولہ باری کا سلسلہ تاحال رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے جسکی وجہ سے سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو مجبوراً نقل مکانی کرنی پڑ رہی ہے ۔ جمعرات کو ایک مرتبہ پھر کپوارہ کے کرناہ سیکٹر میں ہند ۔پاک کی افواج کے درمیان آتشی گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔کپوارہ نمائندے نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کی دوپہر ایک بجے کرناہ سیکٹر میں دوبارہ آتشی گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوا ،جو وقفے وقفے سے شام دیر گئے تک جاری تھا ۔نمائندے نے دفاعی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی فوج کی جانب سے کی گئی آتشی گولہ باری کے نتیجے میںیہاں جانی و مالی نقصان ہوا ۔دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج کی جانب سے داغے گئے ماٹر گولوں کی زد میں آکر ایک خاتون شہری حمیدہ فاتحمہ زوجہ ریاض حسین شاہ ساکنہ پنگلہ ہری ڈل موقع پر ہی جاں بحق ہوئیں جبکہ ماٹرگولوں کے آہنی ریزوں کی زد میں آکر مزید4عام شہری زخمی ہوئے ۔نمائندے کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر کرناہ اسپتال پہنچایا گیا ،جہاں سے 2شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت میں سرینگر مزید علاج ومعالجہ کی خاطر منتقل کیا گیا ۔نمائندے کے مطابق کرناہ کی شہری آبادی میں شدید ترین آتشی گولہ باری کے سبب خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی ہے ۔نمائندے کے مطابق لوگ محفوظ مقامات اور زیر زمین بنکروں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں ۔نمائندے کے مطابق گذشتہ کئی دنوں سے جاری شدید ترین آتشی گولہ باری کے سبب مقامی لوگ نہ متاثر ہورہے ہیں بلکہ اُنکی جائیدادوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے ۔نمائندے کے مطابق جمعرات کو ہوئی آتشی گولہ باری کے سبب 3رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔واضح رہے کہ 20اکتوبر کو فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے دعویٰ کیا تھا کہ کرناہ اور ٹنگڈار سیکٹروں میں پاکستانی فوج کی جانب سے کی گئی سیز فائر سمجھوتے کی خلاف ورزی کا مئو ثر جواب دیا گیا ،جس دوران آرٹلری اسٹرائیک کرکے پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں ملی ٹنٹوں3لانچنگ پیڈوں کو تباہ کیا گیا جس میں متعدد پاکستانی فوجیوں سمیت کئی ملی ٹنٹ مارے گئے ۔تاہم پاکستان نے فوج کے سربراہ کے اس بیان یا دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی فوج شہری آبادی کا نشانہ بنایا گیا جسکی وجہ سے یہاں چھ افراد کی موت ہوئی ۔اس دوران دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستان لائن آف کنٹرول میں مسلسل سیز فائر سمجھوتے کی خلاف ورزی کررہا ہے اور جمعرات کو بھی پاکستانی فوج نے بلا اشتعال سیز فائر سمجھوتے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت کی اگلی چوکیوں کیساتھ ساتھ شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ سیز فائر سمجھوتے کی خلاف ورزیوں کا مئوثر اور معقول جواب دیا جارہا ہے ۔ دریں اثناء جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے کئی سیکٹروں میں بھی طرفین کے مابین رُ ک رُ ک کر آتشی گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے ۔ گذشتہ روز ان سیکٹروں میں آتشی گولہ باری کی زد میں آکر زخمی ہونے والے فوجی افسر(جے سی او) زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا تھا ۔حد متارکہ پر مسلسل آتشی گولہ باری کے تبادلے کی وجہ سے صورتحال انتہائی دھماکہ خیز بنی ہوئی ہے ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا