مہاراشٹر کالج میں سرکاری ملازمتوں اور مقابلہ جاتی امتحانات کے لئے منعقدہ بیداری پروگرام کامیابی سے ہمکنار

0
0
سنہرا مستقبل آپ کے ہاتھوں میں ہے اورمعاشی گراوٹ کے باوجود نئی سرکاری ملازمتوں کے لئے نوٹیفکیشن بدستور جاری ہورہےہیں۔مقررین کا اظہارِ خیال
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(نامہ نگار)گزشتہ 25 ستمبر بروز بدھ صبح ۱۱؍بجے مہاراشٹر کالج (ناگپاڑہ جنکشن )، ممبئی کے آڈیٹوریم میں مہاراشٹر کالج کے شعبۂ کامرس اوراردو گگن سنستھا، ممبئی کے اشتراک سے مقابلہ جاتی امتحانات اورسرکاری ملازمتوں میں شرکت کے موضوع پر مسلم تعلیم یافتہ نوجوانوں کی رہنمائی و تربیت کے لئے منعقدہ بیداری پروگرام میں سلیم الوارے نے گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ طلبا کو بتایا کہ ملک میں زبردست معاشی گراوٹ اور مندی کے باوجود مرکزی و ریاستی سرکاروں کے ذریعے مختلف شعبوں و وزارتوں میں ایم پی ایس سی ، یو پی ایس سی ،ایس ایس سی اور سی جی ایل کے ذریعے ہونے والی ملازمین کی بھرتی کےلیے سالانہ نوٹیفکیشن بدستور جاری ہورہے ہیں اور بھرتیاں حسب سابق ہو جا رہی ہیں لہٰذہ نوجوانوں کو چاہیئے کہ وہ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت نہ کریں اور اپنی اہلیت اور تعلیمی لیاقت کے مطابق درخواستیں کرتے رہیں اور تحریری امتحان میں شرکت کے ذریعے ان ملازمتوں میں اپنی حصہ داری یقینی بنائیں۔ سلیم الوارے نے گریجویشن کے سال دوم کے طلبا سے خصوصی درخواست کی کہ وہ فوری طور پر انٹرن کوئی ملازمت کے لئے کوشش کریں اور کہا کہ وہ internshalaاپلیکیشن کے ذریعے ان ملازمتوں کے لئے درخواست دے سکتے ہیں جو ۳؍تا ۶؍ماہ کے لئے تربیتی ملازمتیں ہوتی ہیں ۔
مالیگاوں سے تشریف فرما دوسرے مقرر اشفاق عمر نے پی پی ٹی (PPT)کے ذریعے مسابقتی امتحانات کی مکمل تفصیلات ،مضامین اور اس میں شرکت کے رموزو نکات سمجھائے ۔انہوں نے تمام مقابلہ جاتی امتحانات میں شامل مشترک باتوں کی نشاندہی کی ۔ انہوں نےیہ بھی بتایا کہ بہترین کریئر کے لئے مسابقتی امتحانات میں شرکت کے لیے کس طرح تیاری کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن مسلم طلبا نے گزشتہ ۱۵؍سالوں میں کریئر کی بلندیوں کو چھوا ہے یہ ان کی اپنی محنت کا نتیجہ ہے ۔کسی کو بھی یہ کامیابی تھالی میں سجا کر نہیں ملتی۔
پروفیسر عارف عثمانی نے شرکاء کو بتایا کہ تعلیم کا مقصد حصول ملازمت نہیں ہے بلکہ تعلیم زندگی جینے کے دیگر اصول بھی سکھاتی ہے اور ساتھ ہی ساتھ اخلاق اور کردار کی بلندی کا بھی سبق دیتی ہے۔ جلسہ کے آخر میں سابق اسسٹنٹ پولیس کمشنر شمشیر خان پٹھان نے طلبا کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے اپنے بارے میں بتایا کہ تین بار کی ناکامی کے بعد چوتھی کوشش میں پولیس کی ملازمت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے ۔ انہوں نے بچوں سے مقابلہ جاتی امتحان میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے کی بات کہی اور کہا کہ یہ ضروری بالکل نہیں ہے کہ آپ کی پہلی کوشش کامیاب رہے لیکن آپ اپنا حوصلہ نہ کھوئیں اور امید نہ چھوڑیں بلکہ کوشش کرتے رہیں۔ انشا اللہ ایک دن کامیابی آپ کے قدم چومے گی ۔
پروگرام کا اہتمام کالج کے پرنسپل ڈاکٹر سراج چوگلے کی سرپرستی میں پروفیسر ماجد انصاری نے کیا تھا جن کی معاونت ڈاکٹر مظہر ٹھاکر نے کی تھی اس بیداری پروگرام میں اردو اکیڈمی ممبر رفیق شیخ،ڈاکٹر شاہد صدیقی ، ادیبہ تبسم ناڈکر سمیت متعدد اہم شخصیات موجود تھیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا